’تھری ایڈیٹس‘ کا سیکوئل آ رہا ہے یا نہیں؟ عامر خان اور آر مادھون نے کلیئر کر دیا
’تھری ایڈیٹس‘ کا سیکوئل آ رہا ہے یا نہیں؟ عامر خان اور آر مادھون نے کلیئر کر دیا
جمعرات 1 جنوری 2026 10:16
2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی تھے (فوٹو: بالی وڈ لائف)
کافی عرصے سے مشہور بالی وڈ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کی افواہیں گردش کر رہی ہیں جبکہ ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں عامر خان فلم کا دوسرا حصہ بنانے کا اعلان کرتے نظر آتے ہیں، تاہم وہ ویڈیو اے آئی جنریٹڈ ثابت ہوئی۔
اس کے بعد بھی فینز کو امید رہی کہ ایک روز اچانک ہی پارٹ ٹو کا اعلان ہو جائے گا اور اپنے پسندیدہ فنکاروں کو ایک بار پھر کچھ نئے انداز میں دیکھیں گے۔
ایسا ہو گا یا نہیں، اس بارے میں انڈیا ڈاٹ کام نےعامر خان اور آر مادھون کے ردعمل پر مبنی رپورٹ دی ہے۔
فلم میں فرحان قریشی کا کردار ادا کرنے والے آر مادھون نے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا کہ تھری ایڈیٹس کے سیکوئل کی بات بڑی اچھی لگتی ہے مگر اب یہ عملی طور پر ممکن نظر نہیں آ رہا۔
’اب عامر خان، شرمن جوشی اور میں کافی حد تک بوڑھے ہو چکے ہیں اب اسی انداز میں سیکوئل کو کیسے آگے بڑھا سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل عامر خان بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تھری ایڈیٹس کا دوسرا حصہ بنانے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہو رہی اور اس کو اسی سپرٹ کے ساتھ بنانا پیچیدہ لگتا ہے۔
فلم میں کئی سماجی ایشوز اور نظام تعلیم کو موضوع بنایا گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
ان کا کہنا ہے کہ سیکوئل تبھی بننا چاہیے جب ہمارے پاس ایسی طاقتور کہانی موجود ہو جو اس فلم کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری نبھانے کے قابل ہو۔
ان کے مطابق ’اس کے بغیر ایسی مشہور فلم کا سیکوئل بنایا گیا تو فلم کے تاثر کو خراب کر سکتا ہے۔‘
اس سے قبل ایسی افواہیں پھیلی تھیں کہ 2009 میں بننے والے سپر ہٹ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے سیکنڈ پارٹ پر 2025 میں کام شروع کر دیا گیا ہے اور ایسی اطلاعات بھی آتی رہیں کہ ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی نے سکرپٹ بھی فائنل کر لیا ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی فلم کا نام ’فور ایڈیٹس‘ ہو گا، جس کے بعد فینز میں یہ چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ چوتھا کردار کس کا ہو سکتا ہے بعض لوگوں نے اس کے لیے ممکنہ ناموں کا اظہار بھی شروع کر دیا تھا مگر یہ ساری باتیں محض افواہیں ہی ثابت ہو ئی ہیں۔
فلم میں بومن ایرانی اور کرینہ کپور نے بھی اہم کردار نبھائے تھے (فوٹو: سکرین گریب)
2009 میں ریلیز ہونے والی ’تھری ایڈیٹس‘ نے کامیابی کے کئی ریکارڈ توڑے اور انڈیا کی پہلی فلم کے طور پر سامنے آئی جس نے عالمی سطح پر چار سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
اس میں مختلف سماجی، روایتی اور دوسرے ایشوز کے ساتھ ساتھ نظام تعلیم پر بھی بات کی گئی تھی، جو بہت پسند کی گئی اور اس کے کرداروں کے انداز دوستی کو بھی بہت سراہا گیا۔
اس میں عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی کے علاوہ کرینہ کپور، بومن ایرانی، اوم ویدیا اور مونا سنگھ نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور آج بھی فینز اس فلم کو بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔