Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے سرحدیں کھول دیں، بین الاقوامی پروازیں بحال

’سعودی عرب نے آج اتوار کو صبح 11 بجے سے فضائی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘: فائل فوٹو
سعودی عرب نے آج اتوار سے اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے نیز بین الاقومی پروازیں بھی بحال کردی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی نئی شکل کے باعث ملک کی تمام سرحدیں نیز فضائی پروازیں ایک ہفتہ کے لیے بند کردی گئی تھیں‘۔
’بعد ازاں 27 دسمبرکو اس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع دی گئی تھی جو آج اتوار 3 جنوری کو ختم ہو رہی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’صحت حکام کی جائزہ رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرحدیں بند کرنے کے فیصلے میں مزید توسیع کی ضرورت نہیں رہی‘۔
’اس بنا پر آج اتوار صبح 11 بجے سے تمام سرحدیں کھولنے کے ساتھ بین الاقوامی پروازیں بحال کی جارہی ہیں‘۔
عرب نیوز کے مطابق برطانیہ اور جنوبی افریقہ سمیت کئی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آئی ہے اور ایسے ممالک سے آنے والے غیر ملکی مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز قبل ان ملکوں سے باہر رہنا ہوگا۔
سعودی شہری جنہیں امدادی یا دیگر ضروری کاموں کے لیے ایسے ممالک سے سعودی عرب آنا ہے جہاں وائرس کی نئی قسم سامنے آئی ہے انہیں 14 دنوں کے لیے اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

شیئر: