Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کو کن اہم محکموں کے بارے میں جاننا ضروری؟

سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے: فوٹو اے ایف پی
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ ہر سال روزگار کے لیے سعودی عرب آتے ہیں جن کو غیر ملکی کارکنوں کے امور سے متعلق اہم محکمے اور ان کا دائرہ کار جن کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔
جوازات

محکمہ جوازات کے دائرہ اختیار میں سعودی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کا اجرا اور تجدید بھی ہے: فوٹو ایس پی اے

یہ ادارہ براہ راست وزارت داخلہ کے زیرانتظام ہوتا ہے جس کا درائرہ کار غیرملکیوں کے لیے رہائشی پرمٹ کا اجرا اور ان کی سالانہ بنیاد پر تجدید کے علاوہ تارکین کے چھٹی جانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزے کے علاوہ فائنل ویزہ جاری کرنا ہے۔ 
اس کے علاوہ محکمہ جوازات انفرادی کفیلوں کے پاس کام کرنے والے گھریلو ملازمین کے امور کا بھی نگران ہوتا ہے۔ 
محکمہ جوازات کے دائرہ اختیار میں سعودی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کا اجرا اور تجدید بھی ہے۔ 
امیگریشن کا ادارہ
محکمہ جوازات کا ذیلی ادارہ امیگریشن ہے جن کے دفاتر ہوائی اڈوں، بری و سمندری چوکیوں پر قائم ہیں جہاں آنے والے مقامی اور غیر ملکیوں کی انٹری کی جاتی ہے۔ 
امیگریشن کے ادارے کا رابطہ محکمہ جوازات کے مرکزی کنٹرول روم سے رہتا ہے جہاں مملکت آنے والوں اور یہاں سے جانے والوں کا ڈاٹا موجود ہوتا ہے۔ 
وزارت صحت
کوئی بھی غیر ملکی جب مملکت آتا ہے اسے ہوائی اڈے یا سرحدی چوکی پر وزارت صحت والوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حج سیزن میں یہ اس ادارے کے اہلکار تمام ہوائی اڈوں پر متعین ہوتے ہیں۔
ایئر پورٹ پر مسافروں کو جہاز سے اترتے ہی اس ادارے کے اہلکار ان کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیتے ہیں۔  
جمارک

اس ادارے کو محکمہ کسٹم کہتے ہیں۔ ہوائی اڈوں، بری اور سمندری سرحدی چوکیوں پر محکمہ جوازات کے بعد یہ دوسرا اہم ادارہ ہے جن کے اہلکار مسافروں کے سامان کا معائنہ کرتے ہیں۔  
وزارۃ الموارد البشریہ 
اس وزارت کا نام حال ہی میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اس کا نام وزارت محنت ہوا کرتا تھا۔  
یہ وزارت مملکت میں کام کرنے والے غیرملکی ملازمین کے معاملات کی نگران ہوتی ہے۔

یہ وزارت مملکت میں کام کرنے والے غیرملکی ملازمین کے معاملات کی نگران ہوتی ہے: فائء فوٹو اے ایف پی 

مذکورہ وزارت کی جانب سے ورک پرمٹ بننے کے بعد کارکن کا اقامے کے اجرا کا دوسرا مرحلہ جوازات میں مکمل کیا جاتا ہے۔
جب تک اس ادارے کی جانب سے ورک پرمٹ جاری نہیں ہوتا اس وقت تک اقامہ کی کارروائی آگے نہیں برھتی۔  
مکتب العمل، لیبر آفس
یہ انتہائی اہم ادارہ ہے یہاں اجر و اجیر کے مابین ہونے والے اختلافات کو دور کیا جاتا ہے اگرکسی کارکن کو اپنے آجر سے کسی معاملے میں اختلاف ہے تو وہ اس ادارے سے رجوع کر سکتا ہے۔ 
لیبرآفس براہ راست وزارت محنت کے ماتحت کام کرتا ہے۔
اس ادارے میں آنے والے مقدمات کا مطالعہ کرکے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اگر وہاں حل نہ ہوں تو انہیں لیبر کورٹس میں بھیجا جاتا ہے۔ 
شرطہ

امن وامان برقرار رکھنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے: فوٹو اے ایف پی

شرطہ پولیس کو کہا جاتا ہے۔ پولیس بھی براہ راست وزارت داخلہ کے ماتحت ہوتی ہے۔
ہوائی اڈوں اور بری وسمندری چیک پوسٹوں پر ہر ملک کی طرح پولیس کا بھی ذیلی ادارہ ہوتا ہے۔
امن وامان برقرار رکھنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے جبکہ کسی بھی مشکل میں پولیس سے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔ 
دفاع المدنی
یہ ادارہ شہری دفاع کا ہے جسے عربی میں دفاع المدنی کہا جاتا ہے۔
کسی بھی ہنگامی حالت میں لوگوں کوامداد فراہم کرنا اس ادارے کا بنیادی کام ہوتا ہے۔
دفاع المدنی کے انڈر فائربریگیڈ کا بھی ذیلی ادارہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ قدرتی آفات میں امداد فراہم کرنے کے لیے بھی دفاع المدنی میں خصوصی یونٹس قائم کیے جاتے ہیں۔

شیئر: