Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرینکا ’سخت لاک ڈاؤن‘ میں سیلون پہنچ گئیں

پرینکا چوپڑا آج کل اپنے شوہر نِک جونس کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ کے لیے لندن میں مقیم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
معروف انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا لندن میں سخت لاک ڈاؤن کے دوران اپنی والدہ ڈاکٹر مدھو چوپڑا کے ہمراہ ایک سیلون میں پہنچ گئیں۔
لندن پولیس کو جیسے ہی اس بات کی اطلاع ملی تو وہ بھی فوری طور پر سیلون پہنچ گئی اور سیلون کے مالک اور اداکارہ پرینکا کو تنبیہہ کی تاہم ان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا۔
یہ واقعہ میڈیا پر آنے کے بعد پرینکا کے ترجمان نے وضاحت کی کہ ’اداکارہ نے لاک ڈاؤن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، لندن میں ان کی آنے والی فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور اسی سلسلے میں وہ بالوں کو رنگ کرانے سیلون گئی تھیں۔‘
 ’سیلون کو صرف پرینکا چوپڑا کے لیے کھولا گیا تھا اور اس دوران وہاں موجود عملے سمیت تمام افراد کا پہلے کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور حکومتی ہدایات کے مطابق ایس او پیز کا مکمل خیال بھی رکھا گیا۔‘
اداکارہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’برطانوی حکومت کی ہدایات کے مطابق فلم اور ٹی وی کی شوٹنگ کے لیے پروڈکشن کا کام کورونا کے ایس او پیز کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پولیس کو جب قانونی طور پر کاغذات فراہم کیے گئے تو وہ وہاں سے مطمئن ہو کر چلی گئی۔‘
پرینکا چوپڑا آج کل اپنے شوہر نِک جونس کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔

ترجمان پرینکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ ’سیلون میں حکومتی ہدایات کے مطابق ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے لندن سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے ظاہر ہونے اور اس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق ’برطانیہ میں کورونا کی وبا سے اب تک 29 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 78 ہزار 600 سے زائد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

شیئر: