'تھپڑ نہیں، کام سے مارو' پرینکا کا ناقدین کو کرارا جواب
جمعرات 2 جولائی 2020 21:27
پرینکا نے حال ہی میں امیزون کے ساتھ ملین ڈالر کی ڈیل بھی سائن کرلی ہے(فوٹو:انسٹاگرام)
بالی وڈ کی 'دیسی گرل' پرینکا چوپڑا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ان اداکاراؤں میں سے ہیں جو اپنے کام کے ساتھ پورا انصاف کرتی ہیں۔
ویسے اس میں تو کوئی شک نہیں کہ پرینکا نے بڑی محنت کے بعد بالی وڈ انڈسٹری میں اپنا نام بنایا اور اب وہ ہالی وڈ پر بھی چھائی ہوئی ہیں اور اب تو پرینکا نے امیزون کے ساتھ ملین ڈالر کی ڈیل بھی سائن کرلی ہے۔
پگی چوپس کے اس کامیاب کریئرکے پیچھے ان کی ایک 'لانگ جرنی' ہے، فلم ڈائریکٹر انوبھو سنہا نے پرینکا کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ماضی میں ایک میگزین میں چھپے آرٹیکل کا حوالہ دیا۔
بمبئی ٹائمز کے فروری 2013 کے فرنٹ پیج پر آرٹیکل شائع ہوا تھا جس کا عنوان تھا 'پرینکا کے لیے کوئی ہیرو نہیں۔'
اس آرٹیکل میں بالی وڈ کے 'خانز' اور دیگر بڑے ہیروز کے ساتھ پرینکا کے بطور ہیروئن کاسٹ نہ ہونے کی وجوہات بتائی گئی تھیں۔
پرینکا نے اس ٹویٹ پر تبصرہ کچھ اس انداز سے کیا کہ ان کے ناقدین کو کرارا جواب مل گیا۔
انہوں نے لکھا کہ 'تھپڑ نہیں، کام سے مارو' انوبھو سنہا آپ کی حمایت کا شکریہ۔'
پرینکا چوپڑا نے اپنی ٹویٹ میں لفظ 'تھپڑ' کو اس لیے استعمال کیا کیونکہ رواں سال کے شروع میں ریلیز ہونے والی فلم 'تھپڑ' کے ہدایت کار انوبھو سنہا تھے۔