Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز میں دوسرے دن بھی اضافہ

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 147 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں کورونا کے کیسز میں منگل کو دوسرے دن بھی اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 147 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے نئے کیسز کی تعداد سو کے قریب تھی۔
 مملکت میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 64 ہزار 63 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز ایک ہزار 939 رہ گئے جن میں سے 310 کی حالت نازک ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے سے نئے کیسز کی تعداد سو کے قریب تھی۔( فوٹو عرب نیوز)

 منگل بارہ جنوری کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں 151 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 55 ہزار 857 ہو چکی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے پانچ اموات ہوئی ہیں۔ اب تک اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 300 تک پہنچ گئی ہے‘۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں رہے جہاں 48 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ شرقیہ ریجن میں مریضوں کی تعداد 33 رہی ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں 31 اور عسیر ریجن میں 12 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 55 ہزار 857 ہو چکی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

الحدود الشمالیہ، نجران اور القصیم  ریجن میں پانچ ، پانچ ، تبوک اور مدینہ منورہ  ریجن میں تین ، تین جبکہ جازان اور حائل ریجن میں ایک ، ایک مریض کا پتہ چلا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لیے وزارت کی ایپ پر رجسٹر کرانے کے بعد مقررہ دن ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔
کورونا ویکسینیشن سینٹر ریاض، جدہ اور الخبر میں قائم کیے گئے ہیں دیگر شہروں میں بھی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: