Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلاف کعبہ کی تیاری میں مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھایا جائے: السدیس

نمائشوں سے دنیا بھر کو معلوم ہوگا کہ حرمین کے لیے کیا کام ہورہا ہے- (فوٹوعاجل)
سعودی عرب میں مسجد الحرام و مسجد نبوی  امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ہدایت کی ہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں جدید ترین مشینیں استعمال کی جائیں اور مصنوعی ذہانت سے کام لیا جائے۔

اندرون و بیرون مملکت نمائشیں منعقد کی جائیں گی- (فوٹو: العربیہ)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی تعمیراتی خوبیوں کو اجاگر کرنے والی نمائش میں ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اندرون و بیرون سعودی عرب کے عجائب گھروں میں دونوں مقدس مساجد کے نوادر متعارف کرائے جائیں۔ اس حوالے سے مملکت کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیرونی دنیا میں بھی نمائشیں منعقد کی جائیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی نمائشوں اور عجائب گھروں میں نوادر متعارف کرانے کے پروگرام سے دنیا بھر کے لوگوں کو سعودی حکومت کی خدمات معلوم ہوں گی۔ انہیں پتہ چلے گا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مقدس مساجد اور انکے زائرین کو کیا کیا سہولتیں کس انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ 

غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے جدید مشینیں حاصل کرلی ہیں- (فوٹو: العربیہ)

السدیس نے کہا کہ غلاف کعبہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس اور نمائشوں و عجائب گھروں کے ادارے نے بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ غلاف کعبہ کی سلائی اور کڑھائی کے لیے جدید ترین مشینیں حاصل کرلی ہیں۔ دونوں مقدس مساجد کے نوادر کو جدید انداز میں پیش کرنے کے نئے  طریقے اپنا لیے ہیں۔ یہ ادارہ سعودی وژن 2030 پر عمل کرتے ہوئے تجدید اور تزئین کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے- 
السدیس نے کہا کہ سعودی حکومت ہمیں وہ تمام وسائل مہیا کر رہی  ہے جن کی بدولت ہم مقدس مساجد سے متعلق اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: