Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک حادثے میں بیٹے کی ہلاکت، والدین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم

عدالت نے پہلے دیت کے طور پر 2 لاکھ درہم ادا کرنے کا حکم دیا تھا- (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امرات میں راس الخیمہ سول کورٹ نے ٹریفک حادثے میں بڑے بیٹے سے محروم ہو جانے پر خلیجی نوجوان اور انشورنس کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ متوفی کے والدین کو مزید پچاس ہزار درہم کا معاوضہ ادا کریں۔
الامارات الیوم کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے خلیجی نوجوان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ ٹریفک حادثے میں ایشیائی نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ٹریفک کورٹ نے خلیجی نوجوان پر 1500 درہم کا جرمانہ عائد کیا اور اسے ہلاک ہونے والے نوجوان کے وارثوں کو 2 لاکھ درہم شرعی دیت کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا۔ 
متوفی کے والدین نے اپنے واحد بیٹے سے محرومی پر پہنچنے والے مالی اور سماجی نقصان کا معاوضہ دلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ والدین نے اپنی درخواست میں واضح کیا تھا کہ انہیں بیٹے کی موت پر بھاری مالی نقصان ہوا۔ عدالتی اخراجات ان کے ذمے آئے جبکہ بیٹے کی میت کو وطن بھجوانے اور موت کے بعد ضروری کاغذات نکلوانے کی فیسیں بھی ادا کرنا پڑیں۔ 
وکیل دفاع نے مقدمہ مسترد کرنے کے حق میں دلائل دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرعی دیت کا فیصلہ ہونے پر کسی اور نقصان کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔ وکیل دفاع نے یہ بھی موقف اختیار کیا تھا کہ متوفی کے ماں باپ یہ ثابت نہیں کرسکے  کہ ان کا متوفی بیٹا ان کی کفالت کر رہا تھا۔ 
سول کورٹ نے والدین کے دعوے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو مطالبات رکھے ہیں وہ دیت سے مختلف ہیں اور وہ اپنے مطالبے میں حق بجانب ہیں۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: