Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کو کویکس سے کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں ملیں گی‘

اسلام آباد میں ویکیسن کی سٹوریج کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکوں کی فراہمی کا خط موصول ہوا ہے۔
اسد عمر نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ویکسین کی فراہمی کے لیے گلوبل الائنس کویکس کی جانب سے کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوگی۔
ان کے مطابق پاکستان کو 60 لاکھ ویکسین مارچ تک مل جائیں گی۔ ’تمام ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں 2021 کی پہلی ششماہی میں موصول ہو جائیں گی۔‘
 
اسدعمر کے مطابق کوویکس سے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ آٹھ ماہ پہلے کیا تھا ۔
قبل ازیں یشنل کمانڈ آپریشن سنٹر میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ لینے کے لیے ایک خصوصی جہاز اتوار کو چین روانہ ہو گا۔
سنیچر کو ہونے والے اس اجلاس میں پورے پاکستان میں ویکسین لگانے کی حکمت عملی اور انتظامی اقدامات اور اس کی پہلی کھیپ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ویکسین کی اسلام آباد میں سٹوریج کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبوں کو ویکسین کی فراہمی/منتقلی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں، خاص کر سندھ اور بلوچستان کو ہوائی جہاز کے ذریعے ویکسین منتقل کی جائے گی۔
این سی او سی میں ویکسین نرو سنٹر بھی بنا لیا گیا ہے، جب کہ صوبائی اور ڈسٹرکٹ لیول پر ویکسین کوارڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 65 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
ان میں سے 36 افراد کی وینٹی لیٹرز پر موت ہوئی ہیں۔ یہ ہلاکتیں زیادہ تر پنجاب میں ہوئی ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویکسین لگے گی

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی نے مختلف کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔
کورونا ویکسین لگنے سے کرکٹرز وائرس اور بائیو سکیور ببل سے نجات حاصل کر لیں گے۔

شیئر: