Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کیڈٹس گریجویٹ، ’یہ دونوں ملکوں کے بہترین تعلقات کی عکاسی ہے‘

پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان میں 144ویں جی ڈی پائلٹ، 90 انجینئرنگ کورس اور 100 ویں اے ڈی کورسز کی پاسنگ آوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ترجمان افواج پاکستان کے مطابق ’آرمی چیف نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد دی‘ اور اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس نے عالمی اور علاقائی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔

 

’ہم پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔یہ وقت ہے کہ ہر سطح پر اور ہر سمت میں امن کا ہاتھ بڑھایا جائے۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کو جموں و کشمیر کا مسئلہ وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن انداز میں حل کرنا چاہیے تاکہ وہاں انسانی المیے کا خاتمہ ہو۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’کوئی بھی ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اور ہم کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے امن کی خواہش کا غلط مطلب نکالے۔ افواج پاکستان کسی بھی قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے دشمنوں کے خلاف آپریشنز میں تینوں مسلح افواج نے مربوط ہم آہنگی اور رابطہ کاری کو یقینی بنایا اور اس کی وجہ سے داخلی سلامتی کا ماحول بھی بہتر ہوا۔‘

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی موجودگی کو سراہا (فوٹو: سکرین گریب)

آرمی چیف نے اس موقع پر سعودی عرب کے کیڈٹس کی اکیڈمی میں موجودگی کو بھی سراہا اور کہا کہ ’یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین تعلقات کا عکاس ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک بھائی چارے اور اسلام کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 133 کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے جن میں 11 سعودی ائیر فورس کے کیڈٹس تھے جبکہ چھ لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھیں۔

شیئر: