Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر دفاع اور جنرل باجوہ کی ملاقات

دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے پیر کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے ۔ ان کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی تھے۔
 یاد رہے کہ پاکستانی آرمی چیف پیر کی صبح سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے  ہیں۔ 
  سعودی نائب وزیر دفاع شہرادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا کہ ’میں نے آج اپنے برادر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے ملاقات کی۔ ہم نے سعودی اور پاکستان کےدوطرفہ تعلقات، عسکری تعاون اورعلاقائی امن کے تحفظ کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ تصور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

 امن استحکام کے تحفظ کے لیے تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی خبر رساں ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان اور پاکستان کے آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا ۔خصوصا دونوں ملکوں کے عسکری اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ  باہمی دلچسپی کے امور اور امن استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طور طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سعودی افواج کے سرابرہ جنرل فیاض بن حامد الرویلی ، مشیر وزیر دفاع میجر جنرل انجینیئر طلال بن عبداللہ العتیبی اور نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔

سعودی افواج کے چیفس آف سٹاف سےبھی آرمی چیف  نےملاقات کی تھی۔(فوٹو ٹوئٹر سعودی وزارت دفاع)

  قبل ازیں سعودی افواج کے چیفس آف سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے پیر کو ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نےملاقات کی تھی۔
سعودی وزارت دفاع  نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پرجاری بیان میں کہا تھا کہ 'جنرل الرویلی نے پاکستان کے آرمی چیف کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا ہے۔'

شیئر: