Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں: عادل الجبیر 

امریکی صدر جوبائیڈن کا خطاب تاریخی تھا اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر  نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا خطاب تاریخی تھا اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق الجبیر نے ٹویٹ میں کہا کہ ’بائیڈن کے تاریخی خطاب نے یہ بات واضح کردی کہ امریکہ تنازعات حل کرنے اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اتحادیوں اور دوست ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا‘۔ 
الجبیر نے  یہ بھی کہا کہ ’سعودی عرب تنازعات ختم کرانے اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے امریکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا آرزو مند ہے۔
’ہم امریکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے اور سات عشروں سے زیادہ مدت پر مشتمل اپنا ریکارڈ آگے بڑھائیں گے‘۔ 
الجبیر نے کہا کہ ’سعودی عرب اور امریکہ  نے کویت کو آزاد کرانے، شام میں داعش اور یمن میں القاعدہ سے جنگ کے دوران قربانیاں دی ہیں۔ مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے‘۔ 
 عرب نیوز کے مطبق الجبیر نے کہا کہ امریکی صدر جو بائئڈن کی تقریر نے تنازعات کے حل کےلیے’ دوستوں اور اتحادیوں‘ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی وزیر برائے امور خارجہ نے الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب امریکی انتظامیہ  کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے جوبائیڈن کے اس خطاب کا خیر مقدم کیا تھا جس میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ امریکہ سعودی عرب کے ساتھ خودمختاری کے دفاع اور خطرات سے نمٹنے کے سلسلے میں تعاون کرے گا۔

 

شیئر: