Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی امریکی حکومت سے تعاون کے خواہشمند ہیں: الجبیر

’توقع ہے امریکہ کی خارجہ پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوگی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نئی امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کا خواہش مند ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکی چینل سی این این کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب نے اس بات سے بالا ہو کر کہ حکومت ری پبلکنز کی ہے یا ڈیموکریٹس کی تمام حکومتوں کے ساتھد دوستانہ تعلق رکھا ہے‘۔
’نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن بڑا سیاسی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ 35 برس تک سینیٹر رہے اور سابق صدر کے نائب کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں‘۔
عال الجبیر نے توقع ظاہر کی کہ ’امریکہ کی خارجہ پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوگی‘۔
سعودی وزیر نے کہا کہ’ امیدوار انتخابی مہم کے دوران جو کچھ کہتے ہیں وہ سب کچھ منصب پر فائز ہونے کے بعد ان کے اقدامات پر منعکس نہیں ہوتا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب سربراہان عالم کے ساتھ معاملات ان کے منصب پر فائز ہوتے ہی شروع کردیتا ہے، اس سے پہلے نہیں‘۔
الجبیر نے مزید کہا کہ’ مشرق وسطٰی سمیت دنیا بھر میں بہت سارے امور ایسے ہیں جن میں امریکہ اور سعودی عرب کے بڑے مفادات ہیں۔ خصوصاً بین الاقوامی معیشت، تیل کی منڈی کے استحکام، توانائی کی محفوظ فراہمی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کے بڑے مفادات ہیں‘۔
سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کا کہنا تھا سعودی عرب عالم اسلامی کی کلید ہے۔

شیئر: