اسلام آباد...اقتصادی تعاون تنظیم کاسربراہی اجلاس اسلام آباد میں ختم ہو گیا ۔اعلامیہ کے مطابق عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے، علاقائی سطح پر سیاسی، معاشی، ثقافتی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کافیصلہ کیا گیا۔ تجارت اور اقتصادی تعاون کیلئے رکن ممالک کو ریل، سڑکوں اور بندرگاہوں کے ذریعے جوڑنے، سائبر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ تعلیمی و سائنسی اداروں اور عوامی رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔ ویژن 2025 کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے ای سی او بینک کو وسعت دینے، ری انشورنس کمپنی کو فعال کرنے، تیل و گیس پائپ لائنز، بجلی کی پیداوار میں سرمایہ کاری، ای سی او الیکٹریسٹی مارکیٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ سربراہان نے جمہوریت کو درپیش خطرات، امتیازی ویزا پالیسی اور معاشی پابندیوں پر اظہار تشویش کیا۔ مقبوضہ علاقوں کی آزادی کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔








