مستونگ: سکیورٹی چوکی پر خودکش حملے میں 2 شہری ہلاک، 13 زخمی، ’کئی مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرگئیں‘
جمعرات 12 نومبر 2026 18:55
زین الدین احمد، -اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر مبینہ خودکش بم حملے میں خاتون سمیت دو عام شہری ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
حملے میں متعدد سکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی شدت سے چوکی کے قریب واقع کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
مستونگ پولیس کنٹرول کے مطابق واقعہ مستونگ شہر سے قریباً 20 کلومیٹر دُور کنڈاوہ گاؤں میں پیش آیا جہاں لنک روڈ پر قائم ایف سی کی چوکی سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دُور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کے بعد اٹھنے والے سیاہ دُھوئیں کے بادل دُور سے دکھائی دے رہے تھے۔ دھماکے سے ایف سی کی چوکی کو نقصان پہنچا۔
مستونگ پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا۔ بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرانے کے بعد حملہ آوروں نے مختلف اطراف سے چوکی پر فائرنگ کی جس پر وہاں تعینات اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس افسر کے مطابق دھماکے کی شدت سے چوکی کے قریب واقع ایک مسجد اور کئی مکانات کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں اور دو مقامی شہری بھی دھماکے کی زَد میں آکر ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو مستونگ کے نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ وہاں دو شہریوں کی لاشیں لائی گئیں جن میں ایک خاتون شامل ہے جبکہ 13 زخمیوں کو بھی طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں چار مرد جبکہ باقی خواتین اور بچے شامل ہیں۔
حملے میں سکیورٹی فورسز کے متعدد اہلکار زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، تاہم سرکاری طور پر تاحال کسی نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ تنظیم کے خودکش دستے ’مجید بریگیڈ‘ نے کیا۔
مستونگ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے قریباً 50 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے اور یہ کوئٹہ کو کراچی اور ایران سے ملانے والی اہم شاہراہوں کے راستے میں واقع ہے۔اس کی سرحدیں کوئٹہ، نوشکی، قلات اور کچھی کے اضلاع سے ملتی ہیں۔
مستونگ میں کالعدم بلوچ مسلح اور مذہبی تنظیمیں دونوں سرگرم ہیں۔ حالیہ مہینوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جولائی 2026 میں مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحمید کاکڑ اور ان کے سکیورٹی گارڈ کو حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔
اسی ضلعے میں اگست میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کے قافلے پر بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے، تاہم ان کے چھ سکیورٹی گارڈز سمیت نو افراد زخمی ہوئے تھے۔
