خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 74 شدت پسند مارے گئے: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز میں بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تین نومبر سے اب تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کم از کم 74 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’پچھلے 48 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا کے اضلاع میر علی اور اورکزئی میں الگ الگ کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔‘
اسی طرح ایک اور بیان میں بلوچستان میں کارروائی کی تفصیل بتائی گئی ہے۔ ’کوئٹہ میں انڈین حمایت یافتہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں صوبوں میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا جس میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور بم بھی شامل ہیں۔
فوج کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
’پاکستان ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری رفتار سے کارروائیاں جاری رکھے گا۔‘
پاکستان کو شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا اور جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں سکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے جو دونوں ہی افغانستان کی سرحد سے ملتے ہیں۔
2021 میں افغان طالبان کے کابل میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کا یہ بھی الزام ہے کہ افغانستان تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ارکان کو پناہ دے رہا ہے اور انہیں پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں پر حملوں میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
تاہم دوسری جانب کابل ان الزامات کی تردید کرتا ہے اور پاکستان پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے سکیورٹی مسائل خود حل کرے۔
رواں سال پڑوسی ملکوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جس کے باعث سرحدیں بند ہوئیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔