Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مریم نواز اتنا فیشن نہیں کرتیں جتنا انہیں ٹرول کیا جاتا ہے‘

پاکستان مسلم لیگ نواز کی رکن پنجاب اسمبلی اور مریم نواز کی قریبی ساتھی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ مریم نواز جمہوریت کی نبض کو سمجھتی ہیں اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی ’جی ٹی روڈ ریلی‘ کے بعد انہوں نے ہی لوگوں کو متحرک کیا ہے۔
اردو نیوز کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’مریم ایک لیڈر کے طور پر ابھری ہیں۔ وہ جمہوریت کی نبض کو سمجھتی ہیں، اور لوگوں نے بھی ان کے بہادرانہ موقف کو سراہا ہے۔ انہوں نے جمہوری بالادستی کی اس کوشش میں لوگوں کو ایک آواز دی ہے۔‘ 
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کے بارے میں ایک تاثر تھا کہ یہ ایک ڈرائنگ روم کی پارٹی ہے لیکن جب نوازشریف جی ٹی روڈ کے ذریعے واپس آئے تو لوگ کیسے ان کے استقبال کے لیے نکلے اور اس کے بعد مریم نواز نے جیسے لوگوں کو متحرک کیا میں کہوں گی کہ پارٹی کا اصل دماغ تو نواز شریف ہیں مریم ان کا عکس ہیں۔‘ 
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی وجہ سے مسلم لیگ ن خواتین کے لیے ایک مناسب سیاسی پلیٹ فارم بنا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ ’مسلم لیگ ن ایک ارتقائی عمل سے گزرنے کے بعد اب ایک ایسی سیاسی جماعت (بن گئی) ہے جو خواتین کے لیے سب سے مناسب پلیٹ فارم ہے اور حالیہ وقتوں میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔‘ 
ایک سوال کے جواب میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ سیاست نے مریم نواز کی نجی زندگی کو متاثر نہیں کیا۔
اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ مریم نواز کی نجی زندگی پر سیاست نے کوئی زیادہ فرق نہیں ڈالا۔ گھر کے اندر ان کا ماں کے طور پر کردار، بیٹی کے طور پر، میں یہی کہوں گی کہ وہ ایک گھر بنانے والی خاتون ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ابھی جب گلگت بلتستان کے انتخابات ہوئے تھے تو میں نے کافی زیادہ ان کے ساتھ وقت گزارا۔ میں نے اتنی سخت محنت کرتے ہوئے مریم نواز کو پہلی دفعہ دیکھا ہے۔ وہ 18، 18 گھنٹے کام کرتی ہیں۔‘ 

حنا پرویز کے مطابق پارٹی کا اصل دماغ نواز شریف ہیں اور مریم ان کا عکس (فوٹو: اے ایف پی)

مریم نواز کی فیشن سینس کے بارے میں بات کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’مریم بی بی ایک انتہائی سنجیدہ سیاستدان ہیں اور وہ فیشن کے حوالے سے ویسی نہیں ہیں جیسے تحریک انصاف کے ٹرول ان کے بارے میں کہتے ہیں۔ کبھی ان کی جوتی توکبھی بیگ کی تصویریں نکال نکال کر جملے کستے ہیں۔ چونکہ مریم نواز کی شخصیت ایسی ہے کہ توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں تو یہ ان کی طاقت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ایک فیشن ڈیزائنر ہوں تو جب میاں صاحب اور مریم نواز صاحبہ جیل میں تھے تو ہم نے ان کی تصاویر والے کُرتے متعارف کروائے۔ جو بنیادی طور پر ایک احتجاج تھا۔ اور ان کرتوں کو اتنا سراہا گیا کہ یہ کم پڑ گئے۔ یہ ایک مزاحمتی مہم تھی جو ہم نے چلائی۔ اسی طرح ہم نے فری نواز شریف کی ایک کیمپین کی تھی تب مریم صاحبہ باہر تھیں جیل سے تو انہوں نے وہ کرتا پہنا۔ میں صرف یہی کہوں گی کہ یہ اظہار کا ایک طریقہ ہے۔ اور ہم نے اچھے طریقوں کا ہی انتخاب کیا۔‘ 
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے مریم نواز صاحبہ کے ساتھ بہت سفر کیا ہے اور ان کے قریب ہو کر انہوں نے دیکھا کہ وہ ایک بے عیب شخصیت ہیں۔ 
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ مریم نواز صبح جلدی اٹھتی ہیں، پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہیں اور ان کی خوراک بہت سادہ ہے۔

حنا پرویز کے مطابق مریم نواز 18 گھنٹے کام کرتی ہیں (فوٹو: حنا پرویز فیس بک)

’وہ رات کا کھانا نہیں کھاتی ہیں۔ وہ جس طرح بے عیب دکھتی ہیں وہ قدرتی طور پر ہیں۔ کم کھانا کھا کے بھی ہم سے زیادہ متحرک نظر آتی ہیں گلگت الیکشنز میں تو میں نے خود اس بات کا مشاہدہ کیا۔ کسی نے مجھ سے پوچھا تھا کہ وہ کون سی کریمیں استعمال کرتی ہیں تو میں نے جواب دیا تھا کہ وہ ہمیں ہمیشہ سے ہی ایسی نظر آتی ہیں۔‘ 
ایک اور سوال کے جواب میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ نواز شریف نے پارٹی اراکین کو سخت ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ ٹرولنگ میں مخالفین کی سطح پر گر کر جواب نہیں دینا۔
’ہم ٹرولنگ کا مقابلہ خاموش رہ کر اور جواب نہ دے کر کرتے ہیں۔ ویسے بھی جب آپ گھاس ہی نہیں ڈالیں گے، توجہ ہی نہیں دیں گے تو ٹرولنگ کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔‘

شیئر: