Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کپ کے لیے وزارت ثقافت کے خصوصی پروگرام تیار

جندریہ کے کنگ عبدالعزیز گھڑ سواری کے میدان میں یہ ٹورنامنٹ 19 اور 20 فروری کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو: جوکی کلب سعودی عرب
سعودی وزارت ثقافت دوسرے سعودی کپ ٹورنامنٹ میں مختلف کلچرل پروگراموں کے ذریعے شرکت کرے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی کپ گھوڑوں کی عالمی ریس ہے جو دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگی۔
ہارس ریسنگ کلب کی شراکت سے جندریہ کے کنگ عبدالعزیز گھڑ سواری کے میدان میں یہ ٹورنامنٹ 19 اور 20 فروری کو کھیلا جائے گا۔ یہ دنیا میں گھوڑوں کی مہنگی ترین ریس میں شمار کی جاتی ہے جس میں دیے جانے والے انعامات کی مالیت 30 ملین ڈالرز تک ہے۔

 

دوسرے سعودی کپ مقابلوں کے دوران وزارت ثقافت سے منسلک میوزک، لٹریچر اور تاریخی ورثے کے اداروں نے پروگرام ترتیب دیے ہیں۔
ان پروگراموں میں ’عربی کیلیگرافی کا سال‘ بھی شامل ہے۔
وزارت ثقافت نے ریسنگ کلب کے لیے تھیم میوزک بھی کمپوز کیا ہے اور گھوڑوں کی تصاویر اور ان کی نسل سے متعلق معلومات بھی کتابی صورت میں شائع کی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے لیے سعودی میوزیشن ممدوح سیف نے گلوبل کریٹیو ٹیم کے ساتھ مل کر میوزیکل ماسٹر پیس تیار کیا ہے۔
وزارت ثقافت نے جیتنے والے گھوڑوں کے لیے سعودی کپ کے رنگوں سے مزین خصوصی سادو سکارف بھی بنائے ہیں۔
اس موقع پر کنگ عبدالعزیز سکوائر میں ایک نمائش بھی لگائی جائے گی جس میں پینٹنگز آویزاں کی جائیں گی جن کے ذریعے علاقائی تاریخ کے تناظر میں گھوڑوں کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔
سعودی کھانوں اور عرب مہمان نوازی کا ذائقہ فراہم کرنے کے لیے ٹورنامنٹ کے دوران کھانوں کے خصوصی سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر ایک خصوصی ڈاکومینٹری بھی دکھائی جائے گی جس میں سعودی عرب کی تاریخ، ثقافت اور علاقے میں اہم سیاحتی مقامات کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ ہاتھ سے بنی اشیا اور علاقائی ہنرمندوں کی تیار کی گئی چیزوں کی نمائش سے عرب ثقافت کے مختلف پہلو نمایاں کیے جائیں گے۔

شیئر: