Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوران پرواز انجن میں آتشزدگی، بوئنگ 777 کے 128 طیارے گراؤنڈ

امریکی میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کے جہاز کے انجن میں آگ لگنے کے بعد جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ نے اپنے 777 ماڈل والے 128 جہاز دنیا بھر میں گراؤنڈ کر دیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز اور جاپان کی دو بڑی ایئرلائنز نے ان 56 طیاروں کے آپریشنز معطل کرنے کی تصدیق کر دی ہے جن میں یہی انجن نصب تھا جو کہ اس طیارے میں تھا جو امریکی شہر کولوراڈو میں دوران پرواز سنیچر کو حادثے کا شکار ہوا تھا۔
امریکی قومی ٹرانسپورٹیشن اور تحفظ بورڈ بھی اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں کسی کے جانی نقصان نہ ہونے کی اطلاع ہے۔ بوئنگ کا کہنا ہے کہ ’اس طرح کے طیاروں کا استعمال روک دینا چاہیے جب تک فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی جائزے کا عمل یقینی نہ بنا لے۔‘
بوئنگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’جب تک امریکی قومی ٹرانسپورٹیشن اور تحفظ بورڈ کی تحقیقات جاری ہیں، ہم تجویز کرتے ہیں کہ موجودہ استعمال کے 69 اور ذخائر میں موجود 59 777 (ماڈل کے) طیاروں کو گراؤنڈ کردیں، جن میں پریٹ ایڈ واٹنی 112-4000 انجن نصب ہے۔‘
امریکہ کی یونائٹڈ ایئرلائنز کے مطابق انہوں نے رضاکارانہ طور پر 24 بوئنگ 777 جہاز کو گراؤنڈ کر دیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ 'صارفین کی بہت کم تعداد کو مشکل کا سامنا ہوگا'۔
اس کے قبل فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے کچھ مسافر طیاروں کے اضافی جائزے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اتھارٹی کے سربراہ سٹیو ڈکسن کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے ماہرین سے رجوع کیا اور بتایا کہ کچھ جہاز ممکنہ طور پر گراؤنڈ کر دیے جائیں گے۔‘

شیئر: