Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان: دہشت گرد حملے میں این جی او سے وابستہ چار خواتین ہلاک

نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میر علی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: کے پی پولیس)
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک غیر سرکاری تنظیم میں ملازمت کرنے والی خواتین کو دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
شمالی وزيرستان کی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’یہ چاروں خواتین سباؤن نامی این جی او میں دست کاری کی تربیت دیتی تھیں۔‘
پولیس کے مطابق ’یہ واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔‘
ہلاک ہونے والوں میں ناہید بی بی، ارشاد بی بی، عائشہ بی بی اور جویریہ بی بی شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون مریم بی بی حملے میں بچ گئی ہیں۔
بیان کے مطابق ’مريم بی بی ایک گھر میں داخل ہو گئی تھیں جس وجہ سے ان کی جان بچ گئی۔‘
ڈرائیور عبدالخالق دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق ’نعشوں کو میر علی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، جبکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

شیئر: