Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور کویت کے تعلقات تاریخی ہیں‘

کویت 19 جون 1961 میں برطانیہ سے آزاد ہوا تھا- (فوٹو اخبار 24)
کویت نے جمعرات  25 فروری 2021 کو 60 واں یوم خودمختاری اور 30 واں یوم آزادی ملک میں سیاسی اور سماجی ہلچل کے ماحول میں منایا- 29 ستمبر 2020 کو سابق امیر شیخ صباح الاحمد کی وفات پر شیخ نواف الاحمد الجابر  الصباح نے ملک کا اقتدار سنبھالا-
الشرق الاوسط کے مطابق کویت میں پارلیمنٹ اور حکومت کے درمیان کھینچا تانی کم کرانے کے لیے امیر کویت نے پارلیمانی اجلاس ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیے جبکہ آئینی عدالت نے 2020 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے خلاف دائر کردہ تمام اعتراضات 24 فروری کو فیصلہ جاری کرکے مسترد کردیے-

کورونا کے باعث کویت میں قومی دن کی چمک دمک نہیں ہے- (فوٹو ایس پی اے)

ان دنوں کویت میں معیشت اور بدعنوانی پر بحث دوبارہ چھڑ گئی ہے جبکہ عام معافی کے قانون اور سرکاری معاملات میں شفافیت کے موضوع پر بھی سیاسی دنگل لگا ہوا ہے-
کووڈ 19 کی وجہ سے کویت میں پہلی بار قومی دن کی روایتی چمک دمک غائب ہے- پورے ملک میں لاک ڈاؤن لگا ہے- بری، بحری اور فضائی راستے بند ہیں-
خلیج  کی سطح پر کویتی سفارتکاری نے سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر کے قطر کے ساتھ بحران کو حل کراکر بڑا کارنامہ  انجام دیا ہے- یہ اس سال کی اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے-
5 جون 2017 سے بحران چل رہا تھا- خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی سرپرستی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نگرانی میں 7 جنوری کوالعلا میں ہونے والے خلیجی سربراہ اجلاس نے مصالحت کرائی-

1990 میں کویت کو آزاد کرانے میں سعودی عرب نے بھرپور کردار ادا کیا- (فوٹو: اخبار 24)

سعودی عرب اور کویت کے تعلقات 130 برس سے زیادہ  پرانے ہیں- بانی مملکت نے متحدہ ریاست کے قیام کے بعد جن ملکوں کا سب سے پہلے دورہ کیا تھا کویت ان میں سے ایک ہے- دونوں ملکوں کے تعلقات ٹھوس بنیادوں پر قائم  ہیں- دیگر ملکوں کے درمیان اس جیسے تعلقات کی نظیر بہت کم ملتی ہے- اس کا زبردست مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب کویت پر عراق نے غاصبانہ  قبضہ کرلیا تھا- اس وقت مملکت کے فرمانروا شاہ فہد نے 1990 میں  کویت کو آزاد کرانے اور کویتی قیادت اور عوام کو بھرپور سہارا دینے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا-
کویت، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ منفرد تعلقات بنائے ہوئے ہے- دونوں رہنماؤں کے امیر کویت شیخ نواف الاحمد، ولی عہد شیخ مشعل  الاحمد کے ساتھ  گہرے تعلقات ہیں- دونوں ملک سیاسی، عسکری، اقتصادی، ثقافتی، سماجی اور لاجسٹک شعبوں میں سٹراٹیجک شراکت قائم کیے ہوئے ہیں- کویت کا قومی جشن سعودی قیادت اور عوام نے بھی پرجوش طریقے سے منایا-
یاد رہے کہ کویت 19 جون 1961 میں برطانیہ سے آزاد ہوا تھا- اس وقت امیر کویت شیخ عبداللہ السالم الصباح نے آزادی کی دستاویز پر دستخط کیے تھے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: