Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے وزیراعظم  کے نمائندہ خصوصی نے امریکی رپورٹ بے بنیاد قرار دے دی

طاہر اشرفی کے مطابق ولی عہد کا وژن 2030 نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے عرب خطے کی ترقی کے لیے ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان کے وزیر اعظم نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے امریکی رپورٹ کے مندرجات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کر دی۔

عرب نیوز کے مطابق طاہر اشرفی نے سنیچر کو لاہور میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سعودی حکومت نے انصاف کے تقاضے پورے کیے اور مملکت کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔

 

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے سعودی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات مستقل اور مضبوط ہے اور کوئی چیز ان میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف پہلے دن سے منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے حالانکہ انہوں نے سعودی عرب میں اعتدال پسند پالیسیوں کی بنیاد رکھ دی ہے۔

طاہر اشرفی کے مطابق ولی عہد کا وژن 2030 نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے عرب خطے کی ترقی کے لیے ہے۔

خیال رہے قبل ازیں پاکستان کے دفتر خارجہ نے سنیچر کو سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر سعودی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا ’پاکستان اس ضمن میں سعودی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کی پاسداری، قومی خودمختاری کے احترام پر زور دیتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سعودی حکومت نے جمال خاشقجی کے قتل کو ’بہیمانہ جرم‘ اور ’سلطنت کے قوانین اور اقدار کی سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔‘

شیئر: