Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مملکت پر حوثیوں کے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی‘

مملکت پر حوثیوں کے مسلسل حملے قابل مذمت ہیں،خلیج تعاون کونسل
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں پر خیلجی ممالک کی مشترکہ کونسل کے سیکرٹری جنرل نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سخت خلاف ورزی قرار دیا۔
ڈاکٹرنایف الحجرف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عالمی برادری حوثیوں کی جانب سے ان حملوں کو روکنے کے لیے جامع انداز میں فوری اقدامات کرے جس سے مملکت کی شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا مملکت کی قیادت میں قائم اتحادی فوج اور سعودی شاہی فضائیہ کی جانب سے حوثی باغیوں کے حملوں کو بروقت ناکام بنانا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اتحادی فورسز اعلی ترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہیں۔
انہوں نے کونسل کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی کہ خیلج تعاون کونسل سعودی عرب کے موقف کی حمایت کرتی رہے گی۔
واضح رہے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہر جازان پر جمعرات کو بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا تھا جسے اتحادی فورسز کی شاہی کمان نے بروقت مداخلت کرکے ناکام بنادیا تھا ۔
 

شیئر: