اقامہ اور ابشر پر تاریخ پیدائش میں فرق ہے، کیسے درست کریں؟
اقامہ اور ابشر پر تاریخ پیدائش میں فرق ہے، کیسے درست کریں؟
ہفتہ 20 مارچ 2021 5:02
ابشر پورٹل کے ذریعے جوازات کے زونل آفس سے اپائنٹمنٹ حاصل کیا جا سکتا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ اقامہ اور ابشرپورٹل پر تاریخ پیدائش میں فرق ہے، اسے کس طرح درست کرایا جا سکتا ہے؟
جوازات کا کہنا ہے کہ ابشر پورٹل کے ذریعے جوازات کے زونل آفس سے اپائنٹمنٹ حاصل کرکے مقررہ وقت پر دفتر سے رجوع کیا جائے جہاں سسٹم میں تاریخ پیدائش درست کردی جائے گی۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے سرکاری اداروں سے رجوع کرنے کے لیے پیشگی وقت لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
وقت حاصل کرنے کےلیے ابشر اکاونٹ پر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اپائنٹمنٹ کا پرنٹ آوٹ یا موبائل پراسکرین شاٹ لینے کے بعد سرکاری ادارے سے رجوع کیاجاسکتا ہے۔
یاد رہے ابشر پورٹل پرپیشگی وقت لینے کےلیے ابشرمیں اکاونٹ ہونا لازمی نہیں ہوتا۔ بغیر رجسٹریشن کے بھی ابشر کےہوم پیچ کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کرنا ممکن ہے۔
مملکت میں مقیم ایک سائق خاص (فیملی ڈرائیور ) نے پوچھا ہے کہ ’کیا فیملی ڈرائیور کا اقامہ موسسہ میں ٹرانسفر ہوسکتا ہے‘؟
جوازات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاتی ملازمین جن میں سائق خاص شامل ہیں کے اقامہ تجارتی اداروں کے نام پر منتقل نہیں ہوسکتے۔
فیملی ڈرائیور یا چوکیدار، خادمہ وغیرہ کے پروفیشن پر آنے والوں کے اقامہ کیونکہ جوازات کے ذریعے تجدید ہوتے ہیں اس لیے ان پر لیبرآفس کی فیس عائد نہیں ہوتی ذاتی اقامہ ہولڈرز کےلیے یہ پابندی ہے کہ انکے پیشے تجارتی اداروں میں منتقل نہیں ہوسکتے۔
پاسپورٹ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ چھٹی کے دوران پاسپورٹ چوری ہوگیا۔ نیا پاسپورٹ بنوانے کے بعد کس طرح مملکت آسکتا ہوں؟
جوازات نے ٹوئٹر اکاونٹ پر بتایا کہ نئے پاسپورٹ پر مملکت آسکتے ہیں تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ پرانے پاسپورٹ کی گمشدگی کی رپورٹ اور دیگر دستاویزات ہوں جو دعوے کو ثابت کرسکیں۔
نئے پاسپورٹ پر مملکت آنے کے بعد جوازات کے زونل آفس سے ابشر پورٹل کے ذریعے وقت حاصل کیا جائے تاکہ نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں کی جاسکے۔
خروج وعودہ ویزے کے حوالے سے ایک شخص کا کہنا ہے کہ اس نے ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کیا مگر اسے استعمال نہیں کیا بلکہ وقت مقررہ کے اندر ویزے کو کینسل کرادیا۔ اس صورت میں خروج وعودہ کی مد میں جمع کرائی گئی فیس دوبارہ کام آسکتی ہے؟
جوازات کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ ویزا جاری کرانے کے بعد اسے استعمال نہ کرنے پر فیس واپس نہیں ہوتی اور نہ اس فیس کو دوسری باراستعمال کرنا ممکن ہوتا ہے۔