Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوسف رضا گیلانی کا درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض دائر

یوسف رضا گیلانی کے وکلا نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی جو منظور کر لی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما یوسف رضا گیلانی کے مبینہ طور پر ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے پر نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی۔
 پیر کے روز سماعت کے دوران علی حیدر گیلانی اور یوسف رضا گیلانی کے وکلا نے الیکشن کمیشن میں درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض دائر کر دیا ہے۔ 
تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کا آغاز پر تحریک انصاف کی وکیل ملیکہ بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کے حکم پر ویڈیو میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو درخواست میں بھی فریق بنا دیا گیا ہے تاہم ہماری نظر میں فہیم خان اور جمیل احمد ہمارے گواہان ہیں۔‘
’اگر کمیشن سمجھتا ہے کہ کوئی رکن اسمبلی ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے تو اس کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔‘ 
الیکشن کمیشن کی ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کے حکم پر من و عن عمل نہیں ہوا۔‘ 
اس پر ملیکہ بخاری نے تلخ لہجے میں کہا کہ ’انتخابی عمل میں شفافیت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی۔‘ 
الیکشن کمیشن نے ملیکہ بخاری کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آہستہ آواز اور تحمل سے بات کریں ہم آپ کو ہی سننے کے لیے بیٹھے ہیں۔‘ 
ملیکہ بخاری نے اپنے دلائل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’جن افراد کو ہم جانتے تھے ان کے نام کمیشن میں دی گئی درخواست میں دے دیے ہیں۔ جن ارکان کو رشوت کی پیش کش کی گئی ان کے حوالے سے کمیشن خود تحقیقات کرے۔‘ 
الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ’جن دو ارکان کو فریق بنایا گیا ہے کمیشن ان کی حد تک ہی کیس چلائے گا۔‘ 

 پی ٹی آئی کی وکیل نے کہا کہ ’جن ارکان کو رشوت کی پیش کش کی گئی ان کے حوالے سے کمیشن خود تحقیقات کرے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کے وکیل ملک جاوید نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’درخواست میں یوسف رضا گیلانی پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا، ہم درخواست کے ناقابل سماعت ہونے پر دلائل دیں گے۔‘
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل کو ہدایت کی کہ دلائل دینے سے پہلے اپنا تحریری جواب جمع کروائیں، ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ ’جو بھی کہنا ہے لکھ کر دیں۔‘
یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کے وکلا نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی جو منظور کر لی گئی۔ کمیشن کیس کی آئندہ سماعت 5 اپریل کو کرے گا۔ 

شیئر: