Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایرانی ساختہ ہے: برطانوی سفیر

عودی تیل تنصیبات پر حملے سنگین صورتحال پیدا کررہے ہیں۔ (فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں متعین برطانوی سفیر نیل کرومپٹن نے کہا ہے کہ’ برطانیہ سمجھتا ہے کہ سعودی عرب پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایرانی ساختہ ہے‘۔
برطانوی سفیر نے کہا کہ ’حوثیوں کے حملوں کے خلاف اپنے حق دفاع  کےلیے سعودی عرب کے حامی ہیں‘۔ 
انہوں نےکہا کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے سنگین صورتحال پیدا کررہے ہیں۔ 
 عکاظ اخبار کو انٹرویو میں برطانوی اخبار کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ حوثیوں کو جو ہتھیار مل رہے ہیں وہ ایران کے فراہم کردہ ہیں۔ یہ حوثیوں کی جانب سے صورتحال کو بے حد خطرناک بنانے والا عمل ہے‘۔
’اس تناظر میں یمنی بحران کے حل کے لیے سعودی امن فارمولہ بے حد اہم ہے اور ہم نے اس کا خیر مقدم کیا ہے‘۔
برطانوی سفیر نے کہا کہ سعودی امن فارمولے کی اہمیت کا پہلو یہ ہے کہ سعودی عرب، یمنی بحران کو سیاسی و انسانی بنیادوں پردیکھ رہا ہے۔ مملکت نے صنعا ایئرپورٹ اور الحدیدۃ بندرگاہ کھولنے کی بھی بات کی ہے‘۔ 
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی امن فارمولے پرعملدرآمد میں حصہ لینے کے لیے حوثیوں پر دباؤ ڈالے۔ ایسا ہوگا تب ہی یمن میں امن و امان قائم ہوگا۔ 
نیل کرومپٹن نے زور دیا کہ سعودی عرب اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران باہمی تعلقات  بہت اچھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت سعودی وژن 2030 کی حمایت کرتی ہے۔ برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا تبادلہ جاری ہے۔ 18 ہزار سعودی طلبہ برطانیہ میں زیرتعلیم ہیں جبکہ بیس ہزار برطانوی شہری سعودی عرب میں ملازمت کررہے ہیں۔

شیئر: