Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فی الحال تیسری کورونا ویکسین نہیں: وزارت صحت

سعودی عرب کے حکام صرف اس صورت میں کورونا وائرس کی تیسری ویکسین کی منظوری دیں گے جب اس کے محفوظ ہونے کی مکمل یقین دہانی کروا لی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اتوار کو کورونا وائرس کے حوالے سے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’مملکت میں اس وقت دو ویکسینز دستیاب ہیں، ایک فائزر-بائیو این ٹیک کی اور ایک آکسفورڈ-ایسٹرازینیکا کی۔‘

 

 ان کا کہنا تھا کہ ’تیسری ویکسین کا اعلان اس وقت ہوگا جب سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اس کی منظوری دے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ پریشان کن ہے اور حکام صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘
ترجمان وزارت صحت نے مزید کہا کہ ’کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ یا کمی ایک ایسا معاملہ ہے جو لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔‘
حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے ہم تعداد کو محفوظ حد میں لانا یقینی بنا سکتے ہیں۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’ 60 سے 70 فیصد کیسز گھروں میں تقریبات کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ باقی دفاتر، مساجد اور تجارتی مراکز میں قوانین میں نرمی کی وجہ سے ہو سکتے ہیں۔‘
’ہمیں صحیح راستے پر اپنا سفر جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا پر قابو پا سکیں۔ تمام افراد، جن کو ویکسین لگی ہے اور جن کو نہیں لگی، ہر وقت حفاظتی تدابیر کا خیال رکھیں۔‘
سعودی عرب میں مسلسل تیسرے دن کورونا وائرس کے 500 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اتوار کو کووڈ-19 کے 531 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 88 ہزار 325 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

شیئر: