Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ کورونا کے 60 سے 70 فیصد کیسز کی بڑی وجہ اجتماعات‘

نئے کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی ناگزیر ہے۔ 
العربیہ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ ’سعودی عرب میں کورونا وبا کے نئے مصدقہ کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ اجتماعات اور حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنا ہے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’سب لوگ حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے، ہاتھوں کی سینیٹائزنگ اور مصافحے سے گریز کرکے کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ پابندیاں ضروری ہیں۔‘
سعودی صحت حکام کورونا ویکسین کے لیے پورے ملک میں سینٹرز کا جال بچھائے ہوئے ہیں۔ تمام لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں صحتی ایپ میں اندراج کراکر ویکسین لگوالیں۔ 
وزارت صحت نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ 937 پر رابطہ کرکے صحت معلومات و خدمات اور کورونا وبا سے متعلق نئی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت سب کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’حالیہ ایام میں کورونا وائرس لگنے کے 60 سے 70 فیصد کیسز گھروں میں دوستوں، پڑوسیوں اور رشتہ داروں کے حد سے زیادہ تعداد میں جمع ہونے کی وجہ سے ہوئے ہیں۔‘
العبد العالی نے گذشتہ روز نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ ’حالیہ کورونا کیسز میں 40 فیصد مساجد، عوامی مقامات اور تجارتی مراکز میں وائرس لگنے کا نتیجہ ہے۔‘

شیئر: