Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معیشت میں بہتری: سعودی عرب میں بے روزگاری کم ہوگئی

’2020 کے آخری تین ماہ میں بے روزگاری کی شرح بارہ اعشاریہ چھ فیصد رہی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں بے روزگاری کے اعداد و شمار میں 2020 کی آخری سہ ماہی کے دوران کمی آئی ہے۔
عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سٹیٹسٹکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’2020 کے آخری تین ماہ میں بے روزگاری کی شرح بارہ اعشاریہ چھ فیصد رہی جبکہ 2020 کی تیسری سہ ماہی میں یہ شرح چودہ اعشاریہ نو تک پہنچی تھی۔‘
مردوں میں بے روزگاری کے اعداد و شمار چار اعشاریہ چار سے، چار فیصد تک کم ہوگئے جبکہ خواتین میں بے روزگاری کی شرح چوبیس اعشاریہ چھ سے کم ہو کر بیس اعشاریہ دو تک آگئی۔
اسی طرح مملکت میں مزید خواتین بھی ملازمتوں میں داخل ہوئیں، تاہم اب بھی اعداد و شمار یہی ظاہر کرتے ہیں کہ کام کے مقامات پر مردوں کی اکثریت ہے۔
اعداد و شمار اکٹھے کرنے والے حکام نے ملازمت کے حوالے سے شہریوں کی رائے معلوم کرتے ہوئے سروے بھی کیا ہے۔
سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 93 فیصد بے روزگار نجی شعبے میں کام کرنا چاہتے ہیں تاہم تین چوتھائی خواتین اور آدھے سے زیادہ بے روزگار مرد صرف اس صورت میں نجی شعبے میں کام کرنا چاہیں گے جب انہیں آنے جانے کے لیے ایک گھنٹہ کام کے اوقات کار میں سے دیا جائے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق اتھارٹی نے بے روزگاری میں کمی کو مملکت میں جاری معاشی محرکات سے منسوب کیا ہے۔

شیئر: