Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی شہری دولت لٹاتے ہیں بچاتے نہیں‘

سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے۔ فوٹوسعودی محکمہ شماریات
محکمہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر فہد التخیفی نے کہا ہے کہ اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ سعودی شہری پیسے اڑانا جانتے ہیں بچانا نہیں۔ مردم شماری بیحد اہم ہے۔ اس کے بعد خاندان کی آمدنی اور خرچ کے اعدادوشمار سب سے زیادہ اہم مانے جاتے ہیں۔ انہی سے خاندان کا سماجی اور معاشی منظر نامہ طے ہوتاہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق روتانا خلیجیہ چینل کے خصوصی پروگرام ’فی الصورة‘ (منظر نامہ) کے میزبان عبداللہ المدیفر سے التخیفی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی خاندان کی ماہانہ اوسط آمدنی 14823 ریال ہے جبکہ اوسط خرچ 14584 ریال ہے۔ فی کس آمدنی 7940 ریال ریکارڈ کی گئی ہے۔

نئی مردم شماری آئندہ سال 17مارچ کو ہوگی۔ فائل فوٹو

 التخیفی نے توجہ دلائی ہے کہ 2018ءسے 2019ءتک سعودیوں نے 90ہزار مکانات خریدے۔ مذکورہ مدت کے دوران مملکت میں پکے مکانات کی شرح 51فیصد سے بڑھ کر 61.7تک پہنچ گئی۔
التخیفی نے ملک میں فرضی سعودائزیشن کے دعوے کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ اگر کسی سعودی کو محنتانہ مل رہا ہے تو اسے برسر روزگار ہی مانا جائے گا خواہ وہ حقیقی ملازم ہو یا فرضی ہو۔ ملازم کسی بھی نام سے ہو ملازم ہی شمار ہوگا۔
التخیفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے۔ حکومت 2030تک بے روزگاری کی شرح 12.3فیصد سے کم کرکے 7فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کئے ہوئے ہے۔
محکمہ شماریات کے سربراہ نے بتایا ہے کہ مملکت میں بے روزگار سعودیوں کی شرح 6فیصد ہے جبکہ جی ٹوئنٹی میں اس کا تناسب 5.6 فیصد ہے۔ سعودی خواتین میں بے روزگاری بڑا چیلنج ہے ان میں بے روزگاری کی شرح 31.1فیصد ہے۔
التخیفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی مجموعی آبادی 34.2ملین ہے۔ ان میں 61فیصد سعودی ہیں۔ مملکت آبادی میں شرح نمو کے حوالے سے پوری دنیا میں دوسرے نمبرپر ہے۔ نائجیریا کا نمبر پہلا ہے۔ سعودی عرب نوجوانوں کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے جی ٹوئنٹی میں اول ہے ۔ 
مملکت میں مکانات اور کاروباری پلاٹس کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 2016ءکے دوران چھوٹے اوردرمیانے درجے کے تجارتی ادارے مملکت میں 20فیصد تھے۔ 2030ءتک ان کا تناسب 35فیصد تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ فی الوقت صرف 28فیصد ہدف پورا ہوا ہے۔
ڈاکٹر فہد التخیفی نے بتایا کہ 17مارچ 2020ء کو ملک بھر میں مردم شماری شروع ہوگی۔ تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔
               
 

شیئر:

متعلقہ خبریں