Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جانسن اینڈ جانسن نے ویکسین کی ڈیڑھ کروڑ خوراکیں ضائع کر دیں

جانسن اینڈ جانسن کے مطابق ویکسین کی کھیپ معیار کے مطابق نہیں تھی۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی دواساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے کورونا ویکسین میں خرابی کے باعث ڈیڑھ کروڑ خوراکیں ضائع کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جانسن اینڈ جانسن نے کہا ہے کہ ’معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث کورونا وائراس کی ویکسین ضائع کر دی گئی ہے۔‘
امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالتی مور میں واقع ایک پلانٹ میں تیار کی جانے والی کورونا وائرس ویکسین کی کھیپ میں خرابی کی نشاندہی کی گئی تھی جس کے مطابق ویکسین معیار پر پورا نہیں اترتی۔ ویکسین کا یہ پلانٹ امریکی دواساز کمپنی ایمرجنٹ بائیو سولیوشنز کے زیر انتظام ہے۔
جانسن اینڈ جانسن نے کہا ہے کہ ویکسین کی متاثرہ کھیپ تیاری کے آخری مراحل تک نہیں پہنچی تھی۔
کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ ’معیار اور حفاظت جانسن اینڈ جانسن کی اولین ترجیح ہے۔‘
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویکسین کے معیار سے متعلق مسئلے سے ویکسین کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ جبکہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے بھی اس واقعے کی تحقیقات متوقع ہیں۔
جانسن اینڈ جانسن نے کہا ہے کہ ویکسین تیار کرنے والے اس پلانٹ میں مزید ماہرین کو بھیجا رہا ہے تاکہ ان کی نگرانی میں کورونا کی ویکسین تیار کی جائے۔
کمپنی کے مطابق اپریل میں ویکسین کی اضافی 24 ملین خوراکیں مہیا کی جائیں گی۔
جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی افادیت کی تعریف کی جاتی رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق رواں سال کے آخر تک ویکسین کی ایک ارب سے زیادہ خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔

شیئر: