Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران: سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کا حملہ، پانچ پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باعث دباؤ میں ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں نامعلوم افراد کے حملے میں پولیس کے پانچ اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی سرحد سے ملحقہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ضلع تفتان میں پیر کو پیش آیا۔
پاسداران انقلاب سے منسلک ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب اہلکار گشت پر تھے۔
حکام نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
ایرانی سیستان و بلوچستان کی معلومات دینے والی نیوز ویب سائٹ ’حال‌وش‘ کے مطابق صوبائی پولیس مرکز نے بھی حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں اور ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
بلوچ اکثریتی آبادی رکھنے والے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں سنی عسکریت پسند گروہ جیش العدل سرگرم ہے جس نے حالیہ برسوں میں  ایرانی حکومتی اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کیے ہیں۔
تاہم حال وش کے مطابق تازہ حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باعث دباؤ میں ہے۔
جغرافیائی حوالے سے تفتان سیستان و بلوچستان کا ایک ضلع ہے جو صوبائی دارالحکومت زاہدان کے جنوب مشرق میں اور پاکستانی سرحد سے قریباً 150 کلومیٹر دور واقع ہے۔
اسی نام سے پاکستانی صوبہ بلوچستان میں بھی ایک شہر موجود ہے  جو ایرانی سرحد کے بالکل قریب ہے۔ 

 

شیئر: