Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا روسی اور فرانسیسی صدر سے رابطہ، گرین سعودی اقدامات پر تعاون کی پیشکش

گرین مشرق وسطی کے تحت چالیس ارب درخت لگائے جائیں گے-
سعودی ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر ولادمیر پوٹین سے جمعرات کو ٹیلیفونک رابطہ قائم  کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گرین مشرق وسطی سعودی اقدام کا جائزہ لیا۔ اقدام کا مقصد ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر میں کاربن کے اخراج میں تخفیف ، تیل پیداوار آپریشن کو ماحول دوست بنانا اور سبزہ زاروں کے رقبے میں اضافہ ہے۔
روسی صدر نے سعودی اقدام گرین مشرق وسطی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ روس اس مقصد کے اہداف کی تکمیل میں سعودی عرب کا ساتھ دے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کےعلاوہ ماحول دوست توانائی اور ماحولیاتی مسائل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ گرین سعودی عرب اقدام کے تحت آئندہ عشروں کے دوران سعودی عرب اپنے یہاں دس ارب درخت لگائے گا جبکہ گرین مشرق وسطی اقدام خطے کے ملکوں کے اشتراک سے نافذ کیا جائے گا- جس کے تحت مشرق وسطی میں چالیس ارب درخت لگائے جائیں گے۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو فرانسیسی صدر ایمانول میکرن سے ٹیلیفون  پر رابطہ قائم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجوں اور ان کے اقتصادی و سماجی و صحت اثرات کا جائزہ لیا جبکہ گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان اقدامات کا مقصد ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر میں کاربن کے اخراج میں تخفیف اور تیل پیداوار کو ماحول دوست بنانا ہے۔ سعودی عرب یہ کام شجر کاری اور ماحول دوست توانائی  پروگراموں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور اچھوتے طور طریقے استعمال کرکے کرے  گا۔
فریقین نےاس اعتماد کا اظہار کیا کہ گرین مشرق وسطی اور گرین سعودی عرب  کاربن کی شرح کم کرنے اور زمین کی زرخیزی پر برے اثرات کی اصلاح کے لیے دنیا کے انتہائی اہم پروگراموں میں سے ایک ہے۔
میکرن نے سعودی اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ان اقدامات کی حمایت اور ان کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کی مہم میں جو ممکن ہوگا تعاون کرے گا۔
فریقین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی اقدامات ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں بے حد اہم ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: