Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل منڈی کے حوالے سے محتاط رویہ برقرار رکھنا ہوگا: وزیر توانائی

تیل منڈی کے حوالے سے محتاط رویہ برقرار رکھنا ہوگا- (فوٹو الاخباریہ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک پلس گروپ تیل منڈی کی ضروریات پوری کرتا رہے گا۔ مسائل حل کیے جائیں گے۔ تیل منڈی بحرانی جھٹکوں سے نکلنے لگی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے جمعرات کو اوپیک پلس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اوپیک کے ممبران  منڈی کی تیل ضروریات پوری کررہے ہیں اور جب بھی منڈی کو مداخلت کی ضرورت ہوگی مثبت انداز میں تیل بحران حل کیا جائے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ ہمیں تیل منڈی کے حوالے سے محتاط رویہ برقرار رکھنا ہوگا۔
سعودی وزیر توانائی نے یہ بھی کہا کہ لچکدار طریقہ کار اپنانے سے اوپیک پلس گروپ کے مفادات پورے ہوں گے۔
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے وزرا اور ان کے اتحادی روس اور قازقستان اوپیک پلس گروپ کے تحت اجلاس کررہے ہیں۔ ایجنڈے پر دو آپشن زیرغور ہیں۔ پہلا آپشن یہ ہے کہ پیداواری کوٹے میں کمی کے فیصلے میں توسیع کردی جائے۔ دوسرا آپشن یہ ہے کہ تیل پیداوار میں اضافے کا تدریجی فیصلہ کرلیا جائے۔
 دریں اثنا روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ سال رواں کے دوران تیل کی عالمی طلب  بڑھے گی۔ پانچ ملین سے لے کر ساڑھے پانچ ملین بیرل تیل کی طلب یومیہ بڑھے گی۔
الیگزینڈر نوواک نے اوپیک پلس اجلاس کے شروع میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے تیل منڈی کا مطلع دھندلا ہے البتہ بین الاقوامی معیشت بہتری کی جانب چل رہی ہے۔
عاوہ ازیں اوپیک پلس میں شامل ممالک نے تیل پیداوار میں تدریجی اضافے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، اس پر عمل درآمد مئی سے ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اوپیک پلس گروپ کے رکن ممالک تفصیلات پر غورکررہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: