Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس او پیز پر عمل یا سخت اقدامات، فیصلہ آپ کا ہے: سعودی حکام

گزشتہ برس کورونا کے آغاز پر مملکت میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ (فوٹو: ایس پی اے) 
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کرنے میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے۔ 
دوسری جانب محکمہ امن عامہ نے سوشل میڈیا اکاونٹ پر گزشتہ برس کورونا کے دوران کرفیو اورلاک ڈاون کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس کورونا کی وبا کے آغاز پر مملکت میں مکمل طور پر کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ 
کرفیو کا مقصد سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کو یقینی بنانا اور وبا پر قابو پانا تھا۔ کرفیو کے بعد مرحلہ وار معمولات زندگی بحال کی گئی تاہم احتیاطی اقدامات کے تحت جن پرعمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ 
محکمہ امن عامہ کی جانب سے لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’فیصلہ آپ کا ہے‘۔
کورونا کیسز میں ہونے والے اضافے کے حوالے سے محکمہ امن عامہ نے ’فیصلہ آپ کا‘ کے عنوان سے جو سلوگن جاری کیا ہے اس کا مقصد لوگوں کو گزشتہ برس کے کرفیو اور لاک ڈاون کی یاد دلاتے ہوئے ایس اوپیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ کورونا کی وبا سے صورتحال مزید خراب نہ ہو۔ 
خیال رہے مملکت میں کورونا کی وبا کی دوسری لہر کے دوران کورونا کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تازہ اعداد وشمار کے مطابق اب تک کورونا سے 6 ہزار 690 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
سنیچر کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 684 رہی جبکہ ایک ہی دن میں 6 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے۔ 

شیئر: