Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر کی پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی ہے۔ 
ملاقات کے دوران پاکستان سعودی عرب تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ 
پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے کراچی میں 2011 میں سعودی سفارت کار کی ہلاکت سے متعلق ملزمان کے حوالے سے معاملہ اٹھایا۔ 
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’سعودی سفارت کار کی پاکستان میں ہلاکت دہشت گردی کی بدترین کارروائی تھی۔ واقعے کا بظاہر مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو خراب کرنا تھا۔ دہشت گردی کے واقعے میں ملوث ملزمان قانون سے بچ نہیں سکیں گے۔ ملزمان کو قرار واقعی سزا دیں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ’ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ موجود ہے۔‘ 
اس موقع پر وزیر داخلہ نے خادمین حرمین شریفین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 
سعودی سفیر نے ملاقات کے حوالے سے ٹویٹ کی اور  کہا کہ ‏’مجھے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ ملاقات کے دوران خوش گوار  ماحول میں گفتگو ہوئی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور انہیں مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔

شیئر: