Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بادلوں میں چھپی پہاڑیاں اور گھنے جنگلات، عقبہ حبو کے دلکش نظارے

یہاں سے وادیوں اور پہاڑی سلسلوں کے دلکش مناظر نظر آتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن کے قدرتی محفوظ علاقے ’ریدہ‘ کا پہاڑی راستہ ’عقبہ حبو‘ حسین قدرتی مناظر، گھنے جنگلات اور بادلوں میں چھپی چوٹیوں کے باعث سیاحوں اور فوٹوگرافروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
یہاں سے وادیوں اور پہاڑی سلسلوں کے وہ دلکش مناظر نظر آتے ہیں جو دھند کے بہاؤ اور دن کے مختلف اوقات کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ پہاڑی راستہ بلند و دشوار گزار پہاڑی ڈھلوانوں کے درمیان بل کھاتے ہوئے گزرتا ہے۔ جب دھند وادیوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہے تو پہاڑی چوٹیاں بادلوں کے سمندر میں  سرسبز جزیرے کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں۔
بارش اور دھند کے موسم میں یہاں کے مناظر انتہا کو پہنچ جاتے ہیں۔ اس دوران بادل پہاڑوں کی بلندیوں سے نیچے اترتے ہیں۔ درختوں اور وادیوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے کچھ دیر کے لیے سڑک کو بھی ڈھانپ لیتے ہیں۔
پھر جب بادل چھٹنے ہیں تو پہاڑوں اور جنگلات کے نئے مناظر سامنے آنے لگتے ہیں۔ سفید بادلوں، سبزہ اور سرمئی چٹانوں کا امتزاج دیکھنے والوں کو مسحور کردیتا ہے۔

یہاں کے مناظر صرف دن تک ہی محدود نہیں بلکہ غروبِ آفتاب کے وقت آسمان سنہری اور نارنجی رنگوں میں ڈھل کر انتہائی حسین نظارہ پیش کرتا ہے جبکہ وادیوں پر سرفگن بادل سفید سمندر کا منظر پیش کرتے ہیں۔ رات کے وقت یہ علاقہ آسمان پر ستاروں کی چمک اور دور دراز آبادیوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھتا ہے۔
عقبہ حبو تقریبا 9 کلو میٹر طویل ہے اور ابھا شہر کے مغربی پہاڑی علاقوں کو وادی ’مربہ‘ سے ملاتی ہے۔ اس پہاڑی راستے پر مختلف بلندیوں اور موڑوں سے گزرتے ہوئے قدرتی مناظر کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ علاقے میں ایک قدرتی چشمہ بھی آتا ہے جو یخ بستہ پانی کی وجہ سے مشہور ہے۔

قدرتی محفوظ علاقہ ریدہ، ابھا کے شمال مغرب میں ’سروات‘ کے پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔ یہ علاقہ اپنے متنوع جغرافیے، گھنے نباتاتی غلاف اور منفرد آب و ہوا کے باعث اہمیت کا حامل ہے۔
 ریدہ کا محفوظ علاقہ ابھا سے تقریبا 20 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ اس کا رقبہ تقریبا 10 مربع کلومیٹر ہے۔ بلند پہاڑوں، بارشوں اور مسلسل دھند کے باعث یہاں ایسے پہاڑی جنگلات وجود میں آئے ہیں جو نمی اور بادلوں سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔

علاقے میں نباتاتی تنوع بھی قابلِ ذکر ہے۔ یہاں پودوں کی 348 کے قریب اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ مختلف اقسام کے ممالیہ اور پہاڑی ماحول سے مطابقت رکھنے والے پرندے بھی موجود ہیں۔ یہ تنوع ماحول دوست سیاحت، پرندوں کے مشاہدے اور مقامی نباتات سے آگاہی کے لیے موزوں مواقع فراہم کرتا ہے۔
سیاح یہاں پہاڑی سیر و تفریح، دلکش مناظر، فوٹو گرافی اور بادلوں کے نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ علاقہ شہر کی زندگی سے دور فطرت اور سکون کی تلاش کرنے والوں کے لیے ایک مثالی جگہ ہے۔

 

شیئر: