نئے حملے: سعودی فضائی دفاعی نظام نے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے
حوثی ملیشیا سعودی عرب میں شہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔( فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی دفاعی فضائی نظام نے اتوار کی صبح ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے جبکہ الشرقیہ ریجن میں دو ڈرون مار گرائے گئے۔
ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ’ریاض کی جانب داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسپیٹ کرکے تباہ کیا گیا جبکہ الشرقیہ ریجن میں ڈرونز کو روکا گیا ہے۔‘
اس سے قبل سنیچر کو ریاض اور جنوبی ریجن کی جانب داغے جانے والے دو ڈرونز کو روک کر تباہ کیا گیا۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سعودی عرب میں شہری تنصیبات جن میں ایئرپورٹس اور انرجی انفرا سٹرکچر شامل ہیں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
حوثیوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی اہداف پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
