سعودی عرب میں ہزاروں سال پرانے دائرہ نما پتھریلے نقوش، ماہرین کی توجہ کا مرکز
سعودی عرب کی قنفذۃ کمشنری کے علاقے ’حلی‘ میں فضائی تصاویر میں زمین پر بکھرے اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دائرہ نما پتھروں کی تشکیلات کا انکشاف ہوا ہے جو اس خطے میں قدیم دور کی تعمیرات کو اجاگر کرتے ہیں۔
ان دائروں کی ترتیب اور ان کے درمیان موجود لکیریں بظاہر کسی قدیم دور کے ایسے پیغامات کی عکاسی کرتی ہیں جن کے اسرار ابھی تک چٹانوں کے سینے میں پوشیدہ ہیں۔
سعودی نیوز ایجنسی کے فوٹوگرافروں نے فضائی تصاویر میں پتھروں سے بنے ان دائروں کا منفرد منظر محفوظ کیا ہے جو وسیع رقبے پر ہھیلا ہوا ہے۔ ان تشکیلات میں مٹی اور چٹانوں کے رنگ نمایاں طور پر ایک دوسرے سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔
قدرتی ماحول کی خاموشی اور ان پراسرار پتھریلے آثار کا امتزاج اس مقام کو ایک منفرد بصری شناخت عطا کرتا ہے۔ مقامی آتش فشانی چٹانوں سے بنے یہ دائرے مختلف سائز اور شکلوں کے ہیں جو زمین کی سطح پر تو ماحول میں گھلے ملے نظر آتے ہیں لیکن اوپر سے دیکھنے پر ان کے واضح اور منظم نقش و نگار نمایاں ہوتے ہیں۔
مورخ اور محقق ڈاکٹر محمد خریص المرحبی کا کہنا تھا ان ساختوں کی درست شناخت اور نام کا تعین ان کے اصل مقصد اور استعمال کو سمجھنے سے وابستہ ہے۔

ان کے مطابق انہیں محض ’دائرے‘ قرار دینا ان کی ظاہری شکل کی وضاحت تو کرتا ہے تاہم اس سے ان تمام ساختوں کی مجموعی نوعیت یا ان کی تعمیر کے اصل مقصد کا تعین نہیں ہوتا۔
ان دائروں کی باقاعدہ ترتیب، ایک دوسرے میں جڑے ہونا، مختلف حجم اور پتھروں کو مخصوص انداز میں ترتیب دینے کا طریقہ اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ یہ ایک مربوط مجموعہ ہے جس کی تشکیل اتفاقی یا بے ترتیب اندز میں نہیں ہوئی۔
ان کے خیال میں ان ساختوں کی غیرمعمولی ہندسی ترتیب اس امکان کو تقویت دیتی ہے کہ ان کا تعلق کسی ریاضیاتی یا فلکیاتی مقصد سے رہا ہو گا جس کے باعث ان کا سائنسی اور تاریخی مطالعہ اہم ہے۔

ڈاکٹر المرحبی کے مطابق ان دائروں کی تشکیل میں اسی علاقے کے آتش فشانی میدانوں کے پتھروں کا استعمال کیا گیا ہے۔ زمین کی سطح سے ان کی مکمل ساخت اور شکل کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے تاہم بلندی سے دیکھنے پر ان کے خدو خال واضح ہوجاتے ہیں۔ان پتھریلی ساختوں کے فضائی مناظر نے اس تاریخی مقام کو دیکھنے اور اسے سمجھنے کا ایک نیا رخ دیا ہے۔
الغرض ’حلی‘ کے یہ قدیم پتھریلے دائرے آج بھی محققین کے تجسس اور تاریخ و آثار قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
یہ منفرد ساختیں ایسے متعدد سوالات کو ابھار رہی ہیں جن کے جوابات سامنے آنے کی صورت میں نہ صرف ان کے پوشیدہ رازوں سے پردہ اٹھ سکتا ہے بلکہ ان خطے میں محفوظ ماضی کے تاریخی شواہد کو بھی سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
