Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں مسجد الحرام کی توسیع والا حصہ نمازیوں کے لیے کھولا جائے گا

نئے حصے میں کورونا وبا سے بچاؤ کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سیکریٹری ڈاکٹر سعد المحیمید نے کہا ہے کہ اس سال رمضان کے دوران نماز کے لیے مسجد الحرام کی تیسری توسیع والا حصہ کھولا جائے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعد المحیمید نے بتایا کہ مسجد الحرام کے تیسرے توسیع والے حصے میں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ نماز کے دوران سب ایک دوسرے سے فاصلے پر ہوں گے۔ 
انہوں نے کہ حرم مکی میں داخلے کے تمام دروازوں پر درجہ حرارت چیک کرنے والے آلات نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ استقبالیہ مراکز میں تربیت یافتہ اہلکار تعینات ہیں۔ 

عمرہ اور نماز کے لیے الگ ٹریک بنائے گئے ہیں- (فوٹو اخبار 24)

المحیمید کا کہنا ہے کہ یہاں کئی طرح کے ٹریک بنائے گئے ہیں۔ عمرہ زائرین ٹریک اور نمازیوں کا ٹریک، ہر ٹریک پر تمام سہولتیں مہیا کر دی گئی ہیں۔ 
یاد رہے کہ مسجد الحرام  میں تیسری توسیع والی عمارت  کا افتتاح خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے کیا تھا۔  
 آل سعود کے عہد میں پہلی توسیع  بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے شروع کرائی تھی، جسے شاہ سعود اور شاہ فیصل نے مکمل کرایا تھا۔ پھر شاہ خالد کے زمانے میں مشرقی صحنوں میں توسیع کی گئی، اس کے بعد مغرب کی جانب بڑی توسیع شاہ فہد کے زمانے میں ہوئی۔ شاہ عبداللہ  کے زمانے میں صفا اور مروہ کی توسیع ہوئی اور پھر ان کے حکم پر تیسری بڑی توسیع شروع کی گئی جو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے عہد میں پایہ تکمیل کو پہنچی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: