Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسجد الحرام میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ جاری رہے گی ‘

کھلے مقامات کی وقفے وقفے سے سینیٹائزنگ ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے رمضان کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے 30 پروگرام جاری کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سیکریٹری انتظامیہ محمد الجابری نے بتایا کہ ’زائرین کی آسانی کے لیے مختلف قسم  کے پروگرام تیار کیے گئے ہیں تاکہ عمرہ اور نماز کے لیے آنے والوں کو معیاری خدمات حاصل ہوسکیں۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’بغیر قالین والا فرش زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر دن میں 10 مرتبہ دھویا جائے گا۔‘ 
مسجد الحرام کے تمام حصوں میں آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔  زائرین کی آمد و رفت کے عمل کو منظم کیا جائے گا۔ ہر دروازے پر سکیورٹی گارڈ نمازیوں کی رہنمائی کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ وہ کہاں نماز ادا کرسکتے ہیں۔
مسجد الحرام میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ کا سلسلہ رکھا جائے گا۔ تمام فرش، چھتیں، دیواریں، کھلے مقامات کی وقفے وقفے سے سینیٹائزنگ ہوگی۔
حرم مکی میں ہر نامناسب سرگرمی پر نظر رکھی جائے گی اور متعلقہ اداروں کو ہر تبدیلی سے متعلق رپورٹ بھی ہوگی۔
مسجد الحرام کی پہلی منزل کا نشیبی حصہ وہیل چیئر سے طواف اور سعی کے لیے مخصوص ہوگا جہاں تک رسائی کا انتظام حرم مکی کے مختلف دروازوں سے کیا گیا ہے مثلاً الشبیکہ ، الارقم زینہ اور المروۃ وغیرہ۔

عمرہ زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے 30 پروگرام جاری کیے گئے ہیں ( فائل فوٹو: روئٹرز)

علاوہ ازیں عمرہ زائرین کو وہیل چیئر سے استفادے کے لیے ’تنقل‘ ایپ بھی جاری کی گئی ہے۔ 
مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں روشنی، پھوار پھینکنے والے پنکھوں اور صاف ستھری ہوا کا انتظام کرنے والے یونٹس چلانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
آٹھ لاوڈ سپیکرز کے ذریعے امام و موذن کی آواز مسجد الحرام کے ہر کونے میں پہنچانے کا انتظام  ہے جبکہ مسجد الحرام میں سکرین کی تنصیب اور اصلاح و مرمت بھی کی گئی ہے۔ 

شیئر: