Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے ملائشیا اور بوسنیا کے لیے کھجوروں کا تحفہ

وزارت اسلامی امور نے سرائیوو میں 8 ٹن کھجوریں تقسیم کرائی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے ملائشیا اور بوسنیا میں کھجوروں کا شاہی تحفہ بھجوایا ہے جو مقامی باشندوں میں تقسیم کیا گیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملائشیا میں سعودی سفارت خانے کے ماتحت مذہبی اتاشی کی جانب سے کوالالمپور میں رمضان کے کھجوروں کے شاہی تحفے کی تقسیم کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
سعودی سفیر محمود قطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کھجوروں کا شاہی تحفہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دینی اخوت اور صلاح و فلاح کے جذبے کا آئینہ دار ہے۔ دنیا کے کئی ملکوں میں رمضان کے حوالے سے اس قسم کے پروگرام کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزارت اسلامی امور کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کھجوریں تقسیم کرا رہی ہے۔‘ 
مذہبی اتاشی عبدالرحمن الربیعان نے کہا کہ کھجوروں کا شاہی تحفہ ملائشیا کے تمام صوبوں کے مفتیان کرام، فلاحی انجمنوں اور سرکاری اداروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت اسلامی امور نے بوسنیا کے دارالحکومت سراجیوو میں شاہ سلمان کی جانب سے آٹھ ٹن کھجوریں تقسیم کرائی ہیں۔ 
سراجیوو میں کنگ فہد کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد آل الشیخ  نے کھجوروں کی تقسیم کی تقریب میں کہا کہ ’استقبال رمضان کے لیے سعودی عرب دنیا کے مختلف علاقوں میں اعلیٰ درجے کی کھجوریں تقسیم کراتا ہے اور یہ سعودی قیادت کا معمول ہے۔‘

کھجوروں کی تقسیم کے دوران ایس او پیز کی پابندی ہو رہی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

آل الشیخ نے کہا کہ آٹھ ٹن سے زیادہ کھجوریں بوسنیا کے مختلف شہروں کے اسلامی مراکز، مساجد، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ تقسیم کے دوران ایس او پیز کی پابندی ہو رہی ہے۔ 
یاد رہے کہ سراجیوو میں کنگ فہد اسلامی  کلچرل سینٹر ایک اہم اسلامی مرکز ہے، جہاں ہزاروں لوگ ہر روز فرض نماز ادا کرنے کے لیے پہنچتے ہیں۔ رمضان کے دوران سینٹر میں سپیشل دعوتی و ثقافتی پروگرام بھی ہوتے ہیں۔

شیئر: