Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردو نیوز کے سابق نیوز ایڈیٹر سید ابصار علی انتقال کر گئے

سید ابصارعلی اردو نیوز جدہ کے ابتدائی ارکان میں سے تھے۔(فوٹو اردودنیوز)
اردو نیوز کے سابق نیوز ایڈیٹر سید ابصار علی سنیچر کی رات کراچی میں انتقال کر گئے۔ان کی عمر 67 برس تھی۔
سید ابصارعلی اردو نیوز جدہ کے ابتدائی ارکان میں سے تھے۔ دو سال قبل اردونیوز کا پرنٹ ایڈیشن بند ہوا تو سعودی عرب سے پاکستان منتقل ہوگئے تھے۔
اہل خانہ نے بتایا ان کی طبیعت چند دن سے خراب تھی۔ سنیچر کی صبح سے بے چینی محسوس کر رہے تھے، ھسپتال لے جایا گیا جہاں وہ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
سید ابصار نے جامعہ کراچی سے جرنلزم میں ماسڑ کیا،اس کے بعد جسارت سے منسلک ہوئے بعد ازاں حریت چلے گئے۔
حریت کے بند ہونے پر جنگ کراچی میں نیوز ایڈیٹر کی حیثیت سے کام کیا جب سعودی عرب سے اردو نیوز کا اجرا ہوا تو کراچی میں اس کے پہلے بیور چیف مقرر ہوئے ان کی انتھک محنت دیکھتے ہوئے انہیں سعودی عرب بلا لیا گیا جہاں انہوں نے 24 سال خدمات انجام دیں۔
سید ابصارعلی کا شمار کراچی کے سینئر صحافیوں میں ہوتا تھا۔ 40 سال سے زیادہ عرصے تک صحافت کے شعبے سے منسلک رہے۔
ان کی نماز جنازہ اتوار 18 اپریل کو گلستان جوہر روفی لیک کراچی میں ان کی رہائش کے قریب مسجد میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
اردونیوز کے سابق ایڈیٹر انچیف طارق مشخص، موجودہ ایڈیٹر انچیف راجہ ذوالفقار علی، عملے کے ارکان اور کمیونٹی کی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔
 

شیئر: