الجزائر انٹرنیشنل کتب میلے میں شاہ فہد قومی لائبریری کی شرکت
میلے میں 51 ممالک کے 15 سو سے زائد اشاعتی ادارے شریک ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
الجزائر میں جاری انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں مملکت کی جانب سے کنگ فہد نیشنل لائبریری اعزازی مہمان کی حثیت سے شرکت کررہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ فہد قومی لائبریری کے پویلین میں آنے والوں کو مملکت کے فکری، علمی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لیے مختلف علمی و ثقافتی مطبوعات رکھی گئی ہیں۔
کتب میلے میں شرکت کا مقصد قومی ورثے کے تحفظ، تاریخی یادداشت کو محفوظ بنانے اورعلم و ادب کو عام کرنے کے لیے لائبریری کی کوششوں کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
نمائش میں پیش کی جانے والی کتابوں میں ’الکتاب السعودی خارج الحدود‘ (سرحدوں سے دور سعودی کتاب) ’مکتبہ مکہ مکرمہ قدیما و حدیثا‘ (مکہ مکرمہ کتب خانہ، ماضی اور حال)۔
’مسیرۃ نصف قرن فی الاعلام‘ (میڈیا میں نصف صدی کا سفر) کے علاوہ لائبریری کے ذخیرے میں موجود نادر مخطوطات کے منتخب و منفرد نمونے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔
لائبریری کے پویلین میں ایک انٹرایکیٹو سکرین بھی نصب کی گئی ہے جس کے ذریعے نیشنل آرکائیو میں محفوظ تاریخی اور نادر تصاویر دکھائی جارہی ہیں، جن میں مملکت اور الجزائر کے مابین ہونے والے سرکاری دوروں کے مناظر، حرمین شریفین، تاریخی درعیہ اور مملکت میں ذرائع آمد ورفت کی تاریخی جھلکیاں شامل ہیں۔
خیال رہے الجزائر بین الاقوامی کتب میلہ 2026 میں 51 ممالک کے 1567 اشاعتی ادارے شرکت کررہے ہیں، جو اسے عالمی سطح پر علمی، ادبی اور ثقافتی تبادلے کا اہم پلیٹ فارم بناتے ہیں۔
