حائل ریجن میں 52 ملین ریال کے 12 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
عوامی پارکوں اور شاہراہوں کی اصلاح و مرمت کی جائے گی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
میونسپلٹی حائل نے ’سمیراء‘ کمشنری کے لیے 12 ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جن پر 52 ملین ریال لاگت آئے گی۔
اخبار 24 کے مطابق گورنر حائل نے کمشنری کے دورے کے موقع پر عوامی سہولتوں کے حوالے سے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
میونسپلٹی نے مختلف اداروں کے ساتھ 4 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں کمشنری کے ایک چوک کی ازسرنو تزئین و بحالی، مختلف مقامات پر خوانچہ فروشوں کو منظم بنانے کے لیے شیڈز کی فراہمی کے علاوہ عوامی مقامات اور پارکوں میں ٹھنڈے پانی کے لیے کولرز کی تنصیب اور شجر کاری کے پروجیکٹس شامل ہیں۔
میونسپلٹی کے مطابق ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی اور ان کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
اس ضمن میں شاہ عبدالعزیز شاہراہ کی 3 مراحل میں اصلاح و مرمت، شاہ فیصل اور شاہ فہد شاہراہ کی اصلاح و ترقی، قصیم شاہراہ پر ترقیاتی کاموں کے علاوہ کمشنری کے مختلف مقامات پر فٹ پاتھوں کی اصلاح و مرمت اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے پروگرام شامل ہیں۔
حائل ریجن کی میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبے پائیدار بلدیاتی ترقی کے فروغ، سماجی شراکت داری کو موثر بنانے اور عوامی سروسز و بنیادی سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔
