Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں منہ کی بو سے کیسے نجات حاصل کریں؟ 

افطار اور سحری کے بعد دانتوں کو اچھی طرح سے صاف کیا جائے۔ (فوٹو: الرجل)
رمضان میں دن کے وقت منہ کی بو سے کئی لوگ مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔ دوسروں سے ملاقات کرتے وقت شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ اس مسئلے سے کس طرح نمٹا جائے؟ 
الرجل میگزین نے ماہرین سے گفتگو کرکے اس استفسار کا جواب دیا ہے۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان میں منہ کی بو کئی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ منہ خشک ہو جاتا ہے۔ سیال مادہ لمبے وقفے تک استعمال نہ  کرنے سے منہ میں خاص قسم کی بو پیدا ہوجاتی ہے۔
بعض روزے دار سحری میں دانتوں کی صفائی کا خیال  نہیں کرتے جس سے بیکٹریا کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ بیکٹریا سے گیسز خارج ہوتی ہیں اور ان سے بدبو نکلتی ہے۔ 
ڈاکٹروں نے رمضان میں منہ کی بدبو سے چھٹکارے کے لیے کچھ مشورے دیے ہیں۔ 
افطار اور سحری کے درمیان کھانے پینے کی اشیا سے بچے ہوئے ریزوں سے چھٹکارے کے لیے کلی کی جائے۔ 
افطار اور سحری کے بعد دانتوں کو اچھی طرح سے صاف کیا جائے۔ کھانے کے بچے ہوئے ریزوں سے دانتوں کو صاف کرنے کے لیے دھاگے کا استعمال کیا جائے۔
رمضان کے دوران سگریٹ نوشی سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔ 
قہوہ، چائے، انرجی ڈرنکس اور رمضان مشروبات سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے۔ زیادہ مٹھاس والے مشروبات مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ منہ میں خشکی پیدا کر دیتے ہیں۔ لعاب کی پیداوار کا عمل ڈھیلا کرتے ہیں۔ اس قسم کے مشروبات لینے کی صورت میں کلی کرکے منہ کو صاف کر لیا جائے۔
پیاز، لہسن، ڈیری مصنوعات اور گرم کھانوں سے پرہیز کیا جائے- تیز خوشبو والے کھانے استعمال نہ کیے جائیں۔
افطار اور سحری کے درمیان سیال اشیا کثرت سے استعمال کی جائیں۔ ایسا کرنے سے لعاب کے غدود کی استعداد بڑھ جاتی ہے اور روزے کے دوران منہ تروتازہ رہتا ہے۔

شیئر: