Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کے فرش پر نئے قالین بچھا دئیے گئے

مسجد نبوی کو معطر رکھنے کے لئے خوشبوؤں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے خاص حصے ریاض الجنہ کے فرش پر  اعلی معیار کے درجنو ں نئے قالین بچھا دئیے گئےہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض الجنہ میں 50 قالین بچھائے گئے ہیں جو انتہائی بہترین معیار کے مطابق تیار کئے گئے ہیں۔

ماحول دوست محلول سے مسجد کو انفیکشن سے محفوظ رکھا جا رہا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

مسجد الحرام  اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی میں خدمات پر مامور انتظامیہ میں قالینوں کے شعبہ کے سربراہ  بندر الحسینی نے قالین بچھائے جانے کے موقع پر بتایا ہےکہ روزانہ کی بنیاد پر ان قالینوں کی دیکھ بھال کا ایک خاص پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت  ان قالینوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سینیٹائز بھی کیا جا رہا ہے۔
بندر الحسینی نے بتایا کہ مسجد کے اندر بچھے ہوئے قالینوں میں سے اگر کسی قالین پرکچھ گر جاتا ہے یا  ذرا سا بھی کوئی نشان نظر آتا ہے تو اس قالین کو فوری طور اٹھا کر اس کی جگہ دوسرا قالین بچھا دیا جاتا ہے۔
یہاں پر بچھائے گئے قالینوں کو 24 گھنٹے صفائی ستھرائی کے عمل سے بھی مشروط  کیا گیا ہے۔
حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی میں قالینوں کے شعبہ کے ذمہ دار  نے الاخباریہ چینل  سے بات کرتے ہوئے  بتایا ہےکہ مسجد نبوی میں آنے والے نمازیوں کو   ریاض الجنہ   میں مرحلہ وار   داخلے کی اجازت  دی گئی ہے اور ہر گروپ کے رخصت ہونے کے بعد بچھائے گئے قالینوں کو  جراثیم کش ادویہ سے سینیٹائز کیا جاتا ہے۔
الاخباریہ چینل کی رپورٹ میں مزید  بتایا  گیا ہےکہ  ہر قالین پر ایک مخصوص قسم  کی الیکٹرانک ڈیٹا چپ لگائی گئی  ہے۔
رپورٹ میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اس ڈاٹا  چپ میں قالین کے  متعلق معلومات درج ہوتی ہیں کہ یہ قالین کب تیار ہوئی تھی اور قالین کی صفائی کی تاریخ اور آئندہ کے لیے اس کی  صفائی کے نظام الاوقات کے بارے میں معلومات  موجود ہوتی  ہیں۔

زائرین کے درمیان مخصوص فاصلے کے لیے قالین پر نشان لگائے گئے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

گذشتہ چند مہینوں کے دوران 23 ہزار  لیٹر سے زیادہ ماحول دوست محلول کے استعمال سے مسجد نبوی کے اندر باب السلام کی جانب کی راہداری کو کسی بھی انفیکشن سے محفوظ رکھا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق صفائی کے ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران مسجد نبوی آنے والے نمازیوں اور زائرین کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات میں سے ایک ہے۔

 ہر قالین پر ایک مخصوص قسم کی الیکٹرانک چپ بھی لگائی گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  اس اثنا میں مسجد نبوی کو معطر رکھنے کے لئے7 ہزار743 مرتبہ سے زیادہ خوشبوؤں کا استعمال کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں مسجد نبوی  کی کمیٹیاں 450 قالین تبدیل کر رہی ہیں اور  روضہ رسول کے قریب اور ریاض الجنہ  میں استعمال ہونے والی  ہر چیز کو 10 دن بعد تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مسجد نبوی میں بچھائے گئے قالینوں پر احتیاطی تدابیر کے طور پر زائرین کے درمیان مخصوص فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بھی لگائے گئے ہیں۔
 

شیئر: