Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہ رمضان کے دوران مسجد نبوی میں بچوں کے داخلے پر پابندی عائد

مسجد نبوی میں کھانا بانٹنے یا مل کر کھانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ فوٹو عرب نیوز
کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان کے مہینے میں بچوں کے مسجد نبوی میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عرب نیوز نے مسجد نبوی کے انتظامی امور کے ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی غرض سے 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو رمضان کے مہینے میں مسجد نبوی اور اس کے صحن میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مسجد نبوی کے انتظامی امور کے ادارے (جنرل پریزیڈنسی) نے ماہ رمضان میں تراویح کی نماز کا وقت بھی معمول سے نصف کر دیا ہے، جبکہ نماز کے 30 منٹ بعد مسجد نبوی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے۔
جنرل پریزیڈنسی نے کورونا وائرس کے بعد دوسرے سال بھی اعتکاف معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسجد بنوی میں روزہ کھولنے کے خواہش مند افراد کو پانی اور کھجوریں فراہم کی جائیں گی، جبکہ کھانا بانٹنا، ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنا یا اجتماع لگانا منع ہوگا۔
مسجد نبوی کے صحن میں سحری کے وقت کھانے کا انتظام کرنے یا تقسیم پر بھی پابندی ہوگی۔
نمازیوں کو مسجد نبوی سے باہر نکلنے میں سہولت کے لیے پارکنگ ایپ ’مواقف‘ استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔
سعودی عرب میں بدھ کے روز سات مزید اموات واقع ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 6 ہزار 676 ہو گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے کورونا کے 590 نئے کیسز رپورٹ کیے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 5 ہزار 452 ہو گئی ہے جس میں 699 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 238 ریاض میں، 111 مکہ جبکہ 34 مدینہ میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
جبکہ 368 مریض کورونا سے صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیات ہونے والوں کی کل تعداد 3 لاکھ 78 ہزار 469 ہو گئی ہے۔
سعودی عرب میں 45 لاکھ سے زیادہ شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگ چکی ہے۔

شیئر: