Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں زیارت کے اوقات اور مقامات کا اعلان

زائرین اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔ ( فوٹو عاجل) 
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے مسجد نبو ی میں روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ اطہر پر حاضری کے اوقات و مقامات متعین کیے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت اور نماز کے لیے آنے والے اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ زائرین کو مقررہ پوائنٹس سے مسجد نبوی میں داخل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ 
باب السلام صحن نمبر ایک برائے مرد  (زیارت) 
باب بلال صحن 38 برائے مرد ( روضہ شریفہ) 
 باب عثمان صحن 24 برائے خواتین (روضہ شریفہ) 
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ روضہ اطہر پر حاضری کے لیے روزانہ گیارہ ہزار 880 افراد کو موقع دیا جائے گا جبکہ روضہ شریفہ میں ایک دن میں 1650 مردوں کو نماز کا موقع ملے گا۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے مزید بتایا ہے کہ  فجر، ظہر، عصر اور مغرب کی نمازوں کے بعد روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کا موقع دن میں چار بار دیا جائے گا۔ 
مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خواتین کو روضہ شریفہ میں نماز کی اجازت صبح کے وقت سورج طلوع ہونے کے بعد سے لے کر ظہر کی نماز تک دی جائے گی۔ ایک دن میں 900 خواتین کو روضہ شریفہ میں نماز کا موقع میسر ہوگا۔ 

مسجد نبوی ہر روز عشا کی نماز کے بعد بند کردی جائے گی(فوٹو ٹوئٹر)

مسجد نبوی کی انتظامیہ نے  واضح کیا کہ  فرض نمازوں اور جمعے کی نماز کا اہتمام مسجد نبوی کے کارکنان اور میت کے اعزہ تک محدود ہوگا۔ پانچوں نمازیں اور جمعے کی نماز صرف روضہ شریفہ اور مسجد نبوی کے پرانے حصے میں ہی ادا کی جائے گی۔ 
انتظامیہ  نے مزید کہا کہ مسجد نبوی ہر روز عشا کی نماز کے بعد بند کردی جائے گی اور فجر کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل کھولی جائے گی۔ 

شیئر: