Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات: ’زائرین کی مدد ہماری ذمہ داری‘

اس سال رمضان کے دوران پہلی بار یہ انتظام کیا گیا ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حج و عمرہ سکیورٹی فورس نے مسجد الحرام کے دروازوں پر سکیورٹی امور کی دیکھ بھال اور عمرہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے 80 خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات کی ہیں۔
اس سال رمضان کے دوران پہلی بار اس قسم کا انتظام کیا گیا ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون سکیورٹی اہلکار غیدا بکر نے کہا کہ ’امن و امان کا تحفظ ہماری اصل ذمہ داری ہے۔ ہمیں مسجد الحرام کی خواتین زائرین کی مدد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام کی تمام عمارتوں، منزلوں، مطاف، توسیع والے حصوں اور دالانوں میں عمرہ زائرین کو منظم کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔‘
غیدا بکر کا کہنا تھا ’وہ اور ان کی ساتھی سکیورٹی اہلکار نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کو یقینی بنائیں گی جبکہ زائر خواتین کی ہر ممکن مدد بھی کریں گی۔‘
ایک اور سکیورٹی اہلکار منی الزہرانی نے بتایا کہ انہوں نے ساتھی خواتین کے ہمراہ ریاض شہر میں ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی عسکری ٹریننگ لی ہے۔
’ہمیں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے، ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور بدامنی کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی ٹریننگ دی گئی ہے۔‘

مسجد الحرام میں 80 خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ ( فوٹو العربیہ)

یاد رہے کہ سعودی محکمہ امن عامہ نے اکتوبر 2020 میں اعلان کیا تھا کہ 148 خواتین کو سکیورٹی ٹریننگ کورس کرایا گیا ہے۔ یہ سب تین ماہ ٹریننگ کورس مکمل کرکے حج و عمرہ سکیورٹی فورس میں شامل ہوجائیں گی۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق حج و عمرہ سکیورٹی فورس کی اہلکار خواتین نے مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے فرائض کی انجام دہی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ سکیورٹی کے شعبے میں خواتین کی خدمات حاصل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
سعودی خواتین کو کثیر تعداد میں سکیورٹی امور انجام دینے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ انہیں سکیورٹی امور، قوانین و ضوابط کے علاوہ کمپیوٹر استعمال کرنے کی ٹریننگ بھی دی گئی ہے جبکہ انگریزی زبان کا کورس کرایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رابطہ جات کا ہنر بھی سکھایا گیا ہے۔ ابتدائی طبی امداد اور جرائم کے شواہد جمع کرنے کی تعلیم بھی دی گئی ہے۔ 

شیئر: